ضلع کونسل خانیوال نے ششماہی ترقیاتی پروگرام اور ٹیکسیشن شیڈول کی متفقہ منظوری دیدی

ضلع کونسل خانیوال نے ششماہی ترقیاتی پروگرام اور ٹیکسیشن شیڈول کی متفقہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


خانیوال (بیورو نیوز ) ضلع کونسل خانیوال نے ششماہی ترقیاتی پروگرام اور ٹیکسیشن شیڈول کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع کونسل کے اجلاس عام میں 27 کروڑ 25 لاکھ 13 ہزار 7 سو روپے کی 225 مختلف نوعیت کی ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے کر عوامی ترقی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت کنوینر چوہدری ضیاء الرحمن نے کی ۔ چیئرمین ضلع کونسل انجینئر محمد(بقیہ نمبر43صفحہ7پر )
رضاسرگانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کی تمام یونین کونسلوں میں ششماہی ترقیاتی پروگرام کے تحت 3 لاکھ روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبہ جات مکمل کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع کونسل دستیاب وسائل میں رہ کر نئے ذرائع آمدن تلاش کرے گی اور ضلع کونسل کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کرکے ضلع خانیوال کو ترقی کا محور بنایا جائے گا اور نظرانداز کئے گئے علاقوں کی ترقی کے لیے وسائل کو ترجیحی بنیادوں پر استعمال میں لایا جائے گا۔ جس کے لیے اراکین ضلع کونسل کی مشاورت کو مقدم رکھا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع کونسل کے منظور ہونے والے ششماہی ترقیاتی پروگرام سے دور افتادہ علاقوں میں بسنے والے استحصالی طبقہ کی بحالی ہوگی اور اس تسلسل کو بلا امتیاز جاری رکھا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی وصولی اور ان کے استعمال میں کسی قسم کی بدیانتی نہیں ہونے دی جائے گی اور تمام فنڈز کے صحیح جگہ پر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام میں تمام یونین کونسلوں کے لیے برابری کی سطح پر فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔ جن میں مخصوص نشستوں پر آنے والے ممبران ضلع کونسل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع کونسل کے تحت بلڈنگ فیس کی وصولی کے معاملہ پر مکمل قابو پالیا گیا ہے۔ فیس کے اس ذریعہ سے ضلع کونسل کی آمدن میں مزید اضافہ ہوگا ۔ اُنہوں نے کہا ضلع کونسل نے اپنی حدود میں غیر قانونی تعمیرات کا سروئے مکمل کرکے ابتدائی اور حتمی نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ ضلع کونسل غیر قانونی تعمیرات کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائے گی۔ اجلاس میں سید عابد امام اور راؤ جمشید احمد نے یونین کونسلوں میں فنڈز کی تقسیم بارے نقاط اعتراض اُٹھائے۔ جن کی وضاحت کردی گئی ۔ اجلاس میں ممبران ضلع کونسل احمد ندیم بودلہ ، ملکہ شاہدہ احمد حیات ، بسم اللہ اِرم ، رانا غضنفر ، محمد افضل دُلو ، مظہر خان کھٹڑ ، روزینہ بی بی ، نسیم اختر اور حافظہ سحرش سمیت دیگر اراکین ضلع کونسل نے علاقوں کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے متعدد تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں چیئرمین ضلع کونسل انجینئر محمد رضا سرگانہ کی والدہ کی وفات پر اُن کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور بخشش و مغفرت کے لیے دعا بھی کی گئی۔ڈریں اثناء اجلاس میں سید گروپ کے رہنماسید عابد امام نے کہاکہ چیئرمین ضلع کونسل میں اپنی ابتدائی تقریب میں عہد کیاتھا کہ ذاتی پسند ناپسند کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام یونین کونسلز کو برابر ی کی بنیاد پر فنڈز جاری کیے جائیں گے۔میری یونین کونسل میں تین لاکھ روپے کے فنڈز دئیے گئے ہیں جبکہ بیشتر یونین کونسلز کو دس دس لاکھ اورکئی کو اس سے بھی زیادہ فنڈز دئیے گئے ہیں۔بعض یونین کونسلز میں منتخب نمائندؤں کے مقابلے میں ہارے ہوئے نمائندؤں کو فنڈز جا ری کیے گئے ہیں،لوکل گورئمنٹ کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔راؤ جمشید احمدنے کہاکہ چیئرمین ضلع کونسل کے حلقہ میں چار کرو ڑ کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں جو کہ سراسر ناانصافی ہے فنڈز کی منصفانہ تقسیم کے دعوے کرنے والوں نے تمام اصولوں کو پس پشت ڈا ل دیاہے ۔راؤ طارق اقبال نے کہاکہ میری یونین کونسل میں میری پیش کردہ سکیموں کو شامل ہی نہیں کیاگیا اورتین لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سرائے سدھو یونین کونسل میں سیوریج کے حوالے سے سکیم پیش کی جسے شامل نہیں کیاگیا اور لوگوں کو شدید مشکلات کاسامناہے ۔مسزشاہدہ داحمدنے کہاکہ پاناما لیکس کے فیصلے پر ضلع کونسل میں اظہار یکجہتی کی تقریب کی بجائے باردانہ کے حصول کیلے اور ادویات نہ ملنے ،لو ڈ شیڈنگ کیخلاف اظہار یکجہتی ہوناچاہیے تھی ۔انہوں نے کہاکہ میں اپنے ضمیر کی آواز کے مطابق اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ گونواز گو۔خاتون رکن نسیم اختر باربار مائیک مانگتی رہی لیکن انہیں مسلسل نظرانداز کیاگیا جس پر انہوں نے کہاکہ یہاں تو خواتین اراکین کو مائیک تک نہیں دیاجارہا باقی حقوق یا فنڈز کیاملیں گے؟؟۔خاتون رکن روزینہ پروین نے کہاکہ خانیوال شہرمیں نشہ کی وبا پھیل رہی ہے گھروں کے گھر تباہ اور نئی نسل برباد ہو ر ہی ہے اس کا سدباب کیاجائے۔مظہر خان کھٹر نے کہاکہ میں ایجنڈے سے ہٹ کر بات کرناچاہتاہوں ۔باردانہ کے حصول کیلے کاشتکا ر ذلیل وخوار ہورہے ہیں اورملزمان کی طرح قطاروں میں کھڑے ہیں افسوس کہ ان کے ووٹوں سے منتخب ہوکر اس ہاؤ س میں آنے والے ان کی بات تک سننے کوتیار نہیں۔جبکہ چیئرمین انجینئرمحمدرضا سرگانہ نے تمام راکین کے سوالات اوراعتراضات کا اطمنان سے جواب دیتے ہو ئے کہاکہ اراکین کی طرف سے جو سکیمیں دی گئی انہیں وسائل اورفنڈز کے مطابق منظورکیاجارہاہے اورفنڈز جاری کیے جارہے ہیں۔