وزیراعظم نواز شریف سے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ہیلے میریام ڈیسل گن ، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکوکی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیراعظم نواز شریف سے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ہیلے میریام ڈیسل گن ، بیلاروس کے ...
وزیراعظم نواز شریف سے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ہیلے میریام ڈیسل گن ، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکوکی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

  

بیجنگ ، اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف سے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ہیلے میریام ڈیسل گن اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو نے الگ الگ ملاقات کی جس دوران دونوں ممالک کے تعلقات اور ان تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر غور کیاگیا۔ 

تفصیلات کے مطابق بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے عالمی تعاون کے موقع پر چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایتھوپیا کے وزیراعظم نے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمٰن بھی موجود تھی ۔ایتھوپین وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون میں دلچسپی کااظہار کیا۔

دوسری طرف بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو نے بھی فورم کے موقع پر وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات پر غور کیا۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارت بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ زراعت ، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا ۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی رابطوں اور اس کی اہمیت کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی زندگی میں بہتری کے تناظر میں اقدامات پر غور کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیا ن تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مختصر عرصے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مستحکم ہوئے ہیں ۔انہوں نے گزشتہ سال بیلا روس کے سرکاری دورے کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہاکہ دونوں لیڈروں کے درمیان بھائی چارا پاکستان اور بیلا روس کے مضبوط تعلقات کی بنیاد ہے ۔ بیلاروس کے صدر نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو ایک بار پھر بیلاروس کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ چین میں پاکستان کے سفیر خالد مسعود اور اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

مزید :

اسلام آباد -