اس کتے نے اپنے ساتھی پولیس افسر کی جان اپنی جان داﺅ پر لگا کر بچالی، ایسا واقعہ کہ آپ بھی اس وفادار جانور کو داد یئے بغیر نہ رہ سکیں گے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کہا جاتا ہے کہ کتا وفادار جانور ہوتا ہے۔ گزشتہ روز امریکہ میں ایک کتے نے وفاداری کی ایسی مثال قائم کی ہے کہ آپ کو بھی اس پر یقین آ جائے گا۔ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں پیش آیا جہاں پولیس کے ایک سراغ رساں کتے نے اپنی جان دے کر اپنے ساتھ موجود اہلکار کی جان بچا لی، جس نے اس کی رسی تھام رکھی تھی۔پولیس کو علی الصبح 4بجے ایک شراب خانے میں ڈکیتی کی اطلاع ملی۔ 46سالہ فلپ اوشیا نامی ڈاکو واردات کے بعد ایک خاتون سے گاڑی چھین کر فرار ہوا تھا۔
پولیس اس کی تلاش میں سراغ رساں کتوں سے مدد لے رہی تھی جن میں کیسپر نامی یہ کتا بھی شامل تھا۔ جب یہ لوگ ڈاکو کے قریب پہنچے تو اس نے فائر کھول دیا۔ ڈاکو نے اس آفیسر کو نشانہ بنایا جس نے کیسپر کی رسی تھام رکھی تھی لیکن کیسپر چھلانگ لگا کر آفیسر اور گولی کے درمیان میں آ گیا اور گولی اپنے جسم پر کھا کر آفیسر کی جان بچا لی۔رپورٹ کے مطابق گولی کیسپر کے کولہے میں لگی۔ اسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کا آپریشن کرکے گولی نکال دی۔ اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے ڈاکو فلپ کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔