دیپالپور روڈ پر واقع تمباکو کمپنی میں آگ لگنے سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا تمباکو جل کر خاکستر،پولیس نے تحقیقات شروع کردیں
اوکاڑہ( صباح نیوز)اوکاڑہ دیپالپور روڈ پر واقع نیو سٹینڈرڈ تمباکو کمپنی میں آگ لگنے کے نتیجہ میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا تمباکو جل کر خاکستراور بلڈنگ ناکارہ ہو گئی، کمپنی مالک کے مطابق نامعلوم افراد نے تمباکو کمپنی کو آگ لگائی ، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں ۔
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ دیپالپور روڈ پر واقع نیو سٹینڈرڈ تمباکو فیکٹری کو حسب معمول گزشتہ رات بند کرکے اپنی رہائشگاہ سندھی محلہ اوکاڑہ آگیا رات 9 بجے کے قریب اسے اطلاع ملی کہ انکی تمباکو فیکٹری میں آگ لگ گئی ہے اسی دوران ریسکیو 1122 اور فائر برگیڈ کی 3 گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ آگ پر 12 گھنٹے تک قابو نہ پایا جا سکا جس کے نتیجہ میں ایک کروڑ سے زائد مالیت کا تمباکو اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ فیکٹری کی بلڈنگ ناکارہ ہو گئی ۔ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ اوکاڑہ کے صدر اکبر علی خاں نے اخبار نویسوں کو دوران ملاقات بتایا کہ وہ معمول کے مطابق رات 8 بجے فیکٹری کو بند کرکے اپنے گھر آگیا اس دوران نامعلوم افراد نے اسکی فیکٹری کو آگ لگا دی جس کے نتیجہ میں اسکا ایک کروڑ سے زائد مالیت کا نقصان ہوا ہے۔ پولیس تھانہ صدر اوکاڑہ کو نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دیدی گئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔