پاکستا ن کو چھوڑ کر ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ آگے بڑھ گیا
کراچی(یوا ین پی)پاکستان کو چھوڑ کر آگے بڑھ جانے والے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے امریکا میں مجوزہ ٹرائی سیریز کے بجائے اب صرف بنگلہ دیش کیخلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کا حتمی پلان تیار کرلیا ہے جس کے تحت چار اور پانچ اگست کو لاڈرہل کے سینٹرل بروورڈ پارک پر دونوں ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی اور اس سیریز کا تیسرا میچ ممکنہ طور پر سینٹ کٹس میں کھیلا جائے گا۔ یہ نیوزی لینڈ اور بھارت کے بعد تیسرا موقع ہوگا کہ ویسٹ انڈین بورڈ امریکا میں کسی ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ واضح رہے کہ ابتداء میں پاکستانی ٹیم بھی اس ایونٹ میں شامل تھی جسے اپریل میں کراچی میں ہونے والے تین ٹوئنٹی میچوں کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ امریکی ریاست فلوریڈا میں بنگلہ دیش سمیت ٹرائی سیریز کرکٹ کا میلہ سجانا تھا۔ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کی مصروفیت کے ساتھ ہی لاڈرہل میں میچز مالی طور پر منفعت بخش نہ ہونے کے باعث ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کیخلاف کھیلنا مناسب سمجھا کیونکہ لاڈرہل میں میچز ویک ڈے کے ساتھ ہی دن کے اوقات میں کھیلے جائیں گے کیونکہ اس میدان میں مصنوعی روشنی کا انتظام انٹرنیشنل معیار کے مطابق نہیں ہے۔ لاڈرہل کے اسٹیڈیم آفیشلز نے تصدیق کردی ہے کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز نے دو ٹی ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے چار اور پانچ اگست کیلئے گراؤنڈ ریزرو کرایا ہے کیونکہ ان دنوں بنگلہ دیشی ٹیم اپنے پہلے سے طے شدہ دورے کی وجہ سے ویسٹ انڈیز میں موجود ہو گی اور کیریبین پریمیئر لیگ سے قبل ان میچوں کا انعقاد ممکن ہو جائے گا جس کا آغاز آٹھ اگست سے ہونا ہے۔