پنجاب حکومت کا ہر منصوبہ کرپشن میں لتھڑا ہوا ہے ‘ جمشید چیمہ

پنجاب حکومت کا ہر منصوبہ کرپشن میں لتھڑا ہوا ہے ‘ جمشید چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر )تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر ، حلقہ این اے 136سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے نتائج دو نہیں ایک پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں معاون ثابت ہوں گے ،شفافیت اور میرٹ کانعرے لگانے والی پنجاب حکومت کا ہر منصوبہ کرپشن میں لتھڑا ہوا ہے اور ان کی کرپشن کی غضب کہانیاں سامنے آرہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 136رائے ونڈ سٹی میں انصاف لائرز فورم کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انصاف لائرز فور م رائے ونڈ کے صدر رانا شاہد ایڈوکیٹ ،بیرسٹر عمیر نیازی،افضل عظیم،جاوید مسعود،کاشف شہزاد،ظہیر مرزا ایڈوکیٹ سمیت کارکنوں اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وکلاء عمران خان کے خواب دو نہیں ایک پاکستان کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ جس معاشرے میں غریب اور امیر کیلئے انصاف میں تفریق ہو وہ معاشرہ کبھی قائم نہیں رہ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں معاشی اور سماجی انصاف اور کرپشن کے خاتمے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے اورانشا اللہ اب کامیابی کی منزل زیادہ دور نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان گزشتہ کئی دہائیوں سے اقتدار کے مزے لوٹ رہا ہے لیکن آج بھی جلسوں میں عوام کو سبز باغ دکھاتے ہیں کہ ہم دوبارہ آ کر انصاف کے نظام میں اصلاح اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لائیں گے ۔اب ان کا وقت گزر چکا ہے اور عوام انہیں دوبارہ کسی صورت ملک کی باگ ڈور نہیں سونپیں گے۔