نیب نے نواز شریف کو 20 مئی کو پھرطلب کرلیا
لاہور( خبر نگار)سابق وزیراعظم نواز شریف کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق ریفرنس میں پوچھ گچھ کے لیے ایک بار پھر طلب کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے نواز شریف کو 20 مئی کو طلب کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ طلبی پر لندن میں ہونے کے باعث سابق وزیراعظم نیب کے روبرو پیش نہیں ہوئے تھے۔نیب کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف پر 1998 ء میں اختیارات کے ناجائز استعمال کرتے ہوئے جاتی امراتک سڑک تعمیر کرانے کا الزام ہے جنہیں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے طلبی کا سمن بھجوایا گیا تھا۔نیب لاہور کے مطابق اسکول اور ڈسپنسری کا بجٹ استعمال کر کے شریف برادران نے اپنی رہائش گاہ کے لیے سڑک تعمیر کرائی چیئرمین نیب نے معاملے کی براہ راست تحقیقات کا حکم دیا تھا۔نیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف پر بھائی کے ساتھ مل کر ذاتی فائدے کے لئے سڑک بنانے کا الزام ہے ان کے حکم پر سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی جس سے لاگت میں اضافہ ہوا اور اس اقدام سے ضلع کونسل کے بہت سے عوامی منصوبے بند کرنے پڑے۔نیب لاہور کا کہنا ہے کہ رائیونڈ روڈ کرپشن سے متعلق ریکارڈ بھی حاصل کرنا شروع کردیا ہے۔نیب کے مطابق ضلع کونسل کے افسرایل ڈی اے افسروں اور ٹھیکیدار کو بھی طلب کیا جائے گا تفتیش مکمل کر کے کرپشن ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کیا جائے گا۔قومی احتساب بیورو کے مطابق ڈی جی نیب لاہور نے کیس کی تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے جس میں 2 ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر شامل ہیں۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ رائیونڈ روڈ تعمیر کی بے ضابطگیوں میں نواز شریف اور شہباز شریف کو نامزد کیا گیا ہے نیب لاہور کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر میں 12 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم کی کرپشن کی گئی۔نیب لاہور کے مطابق 2016 ء تک کرپشن انکوائری التوا کا شکار رہی تاہم 2016 ء کے بعد دوبارہ انکوائری پر کام شروع کیا گیا ہے۔
نواز شریف نیب