ٹیکس ادا کرنا شہری کی قانونی ذمہ داری ، برآمدات بڑھائے بغیر پاکستان کا گزارا نہیں : وزیر اعظم
لاہور(صباح نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ٹیکس ادا کرنا ہر شہری کی قانونی ذمہ داری ہے تاکہ نظام حکومت چل سکے ۔حکومت نے تاجر برادری سے کیے گئے تمام وعدے پورے کر دیئے ہیں ملکی ترقی کیلئے برآمدات میں اضا فہ ناگزیر ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس کی اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے برآمدات کیلئے جو مراعات دی تھیں ان کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہورہا ہے تاجر برادری نے جو کچھ مانگا تھا حکومت نے دے دیا ہے۔ اب کام تاجروں نے کرنا ہے حکومت صرف سہولیات اور مدد دے سکتی ہے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ برآمدات کے لیے مراعات کو بڑھا کر تین سال کے لیے کر دی جائیں پاکستان کسی طرح بھی بیس بائیس یا چوبیس ارب روپے کی برآمدات کا ملک نہیں ہے بلکہ اس کو چالیس پچاس بلکہ سو ارب روپے کا ہونا چاہیے کیونکہ برآمدات بڑھائے بغیر پاکستان کا گزارا نہیں ہے ملک میں گروتھ ایکسپورٹ سے ہی آئے گی اور روزگار کے مواقع بھی اسی سے پیدا ہوں گے ٹیکسز بھی ایکسپورٹ سے آئیں گے لہٰذا ہماری تمام تر توجہ ایکسپورٹ پر مرکوز ہونی چاہیے۔انتخابات جولائی میں ہونے ہیں جو بھی حکومت آئے گی یہی پالیسیاں جاری ر ہیں گی ملکی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیکس دہندگان میں اضافہ ہوگا ہماری حکومت نے چار سالوں میں بہت سی چیزوں کو ٹھیک کیا ہے بجلی کے کارخانے لگائے مزید گیس لے کر آئے سڑکیں بنائیں آج پاکستان میں 1700 کلو میٹر موٹر وے مکمل ہو چکی ہے۔کراچی سے پشاور تک سفر موٹر وے سے ہوگا جس سے معیشت بھی ترقی کریگی اور آمدورفت میں بھی آسانی اور کم وقت میں ہوگی سی پیک کے تحت بننے والی اکنامک زونز سے تاجروں نے فائدہ اٹھانا ہے حکومت آپ کی مدد کر سکتی ہے مگر کاروبار کر کے نہیں دے سکتی کاروبار آپ نے خود کرنا ہے حکومت آپ کی کیا مدد کر سکتی ہے وہ ضرور بتائی جائے ۔مشکلات کے باوجود میاں نواز شریف نے چار سال میں وہ کام کر کے دکھائے ہیں جو 65 سالوں میں نہ ہو سکے۔مجھے اس عہدے پر دس ماہ ہوئے ہیں ہر ہفتہ سینکڑوں ارب روپے کے منصوبوں کا افتتاح کرتا ہوں اس حکومت نے چالیس پچاس سال پرانے منصوبے بھی مکمل کیے۔ نئے کا منصوبے بھی مکمل کیے گئے پاکستان کی یہ پہلی حکومت ہے جس نے منصوبے شروع بھی کیے اور مکمل بھی کیے۔یہ ایک ویژن تھا جو (ن) لیگ اور میاں محمد نواز شریف کا تھا جسے اب مکمل کیا جا رہا ہے۔ جولائی میں آپ نے فیصلہ کرنا ہے آپ کا فیصلہ ہی مقدم ہوتا ہے پاکستان کی ترقی صرف اور صرف جمہوریت سے ہوگی۔اگر صاف شفاف الیکشن ہوتے ہیں جمہوری سلسلہ آگے بڑھتا ہے تو یہی پاکستان کو ترقی دے گا بجٹ کے حوالے سے ہم پر بہت تنقید ہوئی مگر ہم نے کہا کہ ہم بجٹ بنا دیتے ہیں اگر اگلی حکومت اس کو تبدیل کرنا چاہے گی تو یہ اس کا حق ہے۔مجھے یقین ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہی آئندہ آئے گی اگر کسی اور کی بھی حکومت آتی ہے تو میں یقین دلاتا ہوں کہ وہ اس بجٹ میں ایک لفظ بھی تبدیل نہیں کر پائے گی کیونکہ اس بجٹ پر بڑی محنت ہوئی ہے کوئی بھی حکومت انکم ٹیکس میں پچاس فیصد کمی نہیں کر سکتی مگر اس حکومت نے کی ہے اور ٹیکس نہ دینے والوں کو پکڑا بھی جائے گا ۔وزیراعظم نے کہا کہ آج جو لوگ ایوارڈ حاصل کررہے ہیں امید ہے کہ وہ مزید ایکسپورٹ بڑھائیں گے۔
وزیراعظم
لاہور( این این آئی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سروسز ہسپتال میں زیر علاج وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کی ۔وزیر اعظم نے احسن اقبال سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ وفاقی وزراء انجینئر خرم دستگیر، مریم اورنگزیب اورانوشہ رحمان بھی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ سروسز ہسپتال آئے ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔وزیرا عظم کچھ وقت احسن اقبال کے ہمراہ رہنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو گئے ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ احسن اقبال روبصحت ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستانی عوام کی دعائیں سنی ہیں اورہم ان کے لئے دعائیں کرنے والوں کا شکر یہ ادا کرتے ہیں ۔ احسن اقبا ل اس ملک کا اثاثہ ہیں اورا نہوں نے ہمیشہ ملک کی ترقی کیلئے کام کیا ہے ۔ قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ، سینیٹر آصف کرمانی ،مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق ، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید نے بھی سروسز ہسپتال میں زیر علاج وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کر کے ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ۔ اس موقع پر پھولوں کے گلدستے بھی پیش کئے گئے ۔ گورنر خیبر پختوانخواہ اقبال ظفر جھگڑا کی جانب سے بھی احسن اقبال کے لئے پھولوں کا گلدستہ بھجوایا گیا اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم ،احسن اقبال