اولمپئین منصور احمد کی نماز جنازہ ادا،کراچی میں سپرد خاک

اولمپئین منصور احمد کی نماز جنازہ ادا،کراچی میں سپرد خاک

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )قومی ہاکی ٹیم کے سابق مایہ ناز گول کیپر اولمپیئن منصور احمد کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔نجی چینل کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق مایہ ناز گول کیپر منصور احمد کو نماز جنازہ کے بعد کراچی میں ڈیفنس فیزون کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں اولمپئینز حنیف خان، شاہدعلی، ناصرعلی ایاز محمود اور کرکٹر شاہد آفریدی سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ پاکستان کو 1994 کا ہاکی ورلڈ کپ جتوانے والے قومی ہیرو منصور احمد کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کردی گئی۔وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے جو گزشتہ روز خالق حقیقی سے جاملے۔مرحوم کی نماز جنازہ کراچی کی مسجد میں ادا کی گئی جس میں ہاکی سے وابستہ سابق کھلاڑیوں سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے شرکت کی۔ منصور احمد کے انتقال پر سابق ہاکی کپتان سمیع اللہ، اصلاح الدین اور شہباز سینئر سمیت ہاکی سے وابستہ دیگر شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔سابق اولمپیئن رشید الحسن نے منصور احمد کی وفات پر کہا کہ ان کی وفات سے قوم ایک عظیم کھلاڑی سے محروم ہوگئی ہے۔یاد رہے کہ 49 سالہ عالمی شہرت یافتہ گول کیپر کا دل صرف 20 فیصد کام کررہا تھا، ان کے دل میں 7 اسٹنٹس ڈالے گئے تھے جب کہ گردوں اور پھیپھڑوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

مزید :

صفحہ آخر -