پولینڈ میں مارچ آف فریڈم کا انعقاد، ہزاروں افراد سڑکوں پرنکل آئے
وارسا (صباح نیوز) پولینڈ میں مارچ آف فریڈم کا انعقاد کیا گیا ، ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولینڈ کے دارالحکومت میں ہزاروں افراد نے موجودہ عوامیت پسند حکومت کے اقدامات کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے عدلیہ کی آزادی اور آئین کی بالادستی کے حق میں احتجاج کیا، وارسا میں آزادی مارچ میں شریک افراد نے پولینڈ اور یورپی یونین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے آئین اور عدلیہ کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ اس احتجاج کا اہتمام دو یورپ نواز اعتدال پسند جماعتوں نے کیا تھا۔ ان جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنی تقاریر میں دائیں بازو کی حکمران جماعت لا اینڈ جسٹس پارٹی کی جانب سے عدلیہ کے نظام میں ازسرنو تبدیلیاں لاتے ہوئے اعلیٰ عدالتوں کے اختیارات میں بے پناہ اضافہ کیے جانے پر کڑی تنقید کی۔