کرم ایجنسی میں قبائلی جرگہ ،پاک افغان بوڑ سرحد کھولنے کا مطالبہ
پاراچنار(این این آئی)کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحد پر بوڑکی قبائل کا ہنگامی جرگہ منعقد ہوا جس میں بوڑکی کے مقام پر افغان سرحد آمد و رفت کے لئے کھولنے اور تجارت کو فروغ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے بوڑکی میں پاک افغان سرحد پر قبائل کی جانب سے منعقدہ ہنگامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے ملک حاجی نوروز علی، حاجی کمال حسین، ملک اسلام، حضرت گل اور دیگر عمائدین نے کہا کہ انگریز دور سے بوڑکی سرحد تجارت اور آمد و رفت کے لئے استعمال ہورہی تھی اور این ایل سی کی جانب سے افغان سرحد پر جب سیٹ اپ بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی تھی تو بوڑکی قبائل نے دو سو ایکڑ اراضی مفت دینے کی بھی پیشکش کی تھی مگر اس کے باوجود خرلاچی میں این ایل سی نے متنازعہ اراضی خرید لی اور ستم بالائے ستم یہ کہ بوڑکی میں افغان سرحد بھی بند کردیا گیا جس سے بوڑکی قبائل کے سینکڑوں لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں اور فاقہ کشی پر مجبور ہیں اس لیے حکومت بوڑکی سرحد آمد و رفت اور تجارت کے لئے کھول دیں تاکہ بوڑکی قبائل میں پائے جانے والی بے چینی کو ختم کیا جا سکے۔