ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 17ہوگئی

ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 17ہوگئی

  

پشاور،لنڈی کوتل ،اسلام آباد(این این آئی، مانیڑنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا اور قبائلی علاقے (فاٹا) میں طوفانی بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد پندرہ ہوگئی ، بھکر میں بھی تیز آندھی کی وجہ سے گھر کی چھت گرنے سے دو افراد مارے گئے، آج اور کل پنجاب و خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیزہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق باجوڑ ایجنسی کی ضلعی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ طوفانی ہواؤں کے باعث کچے مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات میں اب تک کل 15افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوچکے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی زیادہ تعداد باجوڑ سے ہے۔طوفانی بارش سے کئی علاقے زیر آب آگئے، تیزہواؤں کے باعث متعدد درخت اور سائن بورڈ گر گئے۔ان کے مطابق پشاور اور اس کے دیگر اضلاع گردوغبار کے طوفان کی زد میں رہا جس کے بعد موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ایف سی کے دو اہلکار بھی زخمی ہیں۔ایجنسی ہیڈکوائٹر ہسپتال میں بجلی منقطع ہونے کی وجہ سے طبی عملے کو شدید پریشانی کا سامنا رہا اور ڈاکٹرز موبائل فون کی روشنی میں مریضوں کو طبی امداد فراہم کرتے رہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب و خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کئی روز سے کہیں ہلکی اور کہیں تیزبارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آج اور کل بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، اسلام آباد، فاٹااورکشمیر میں بارش کا امکان ہے۔گزشتہ رات بھکر میں تیز آندھی کی وجہ سے گھر کی چھت گرنے سے چار افراد ملبے تلے دب گئے۔ مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا اورزخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا۔ ہسپتال منتقل کرنے کے دوران 2 افرد راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں پانچ سالہ عبدالشکور اور 25 سالہ بابر شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

تعداد 17ہو گئی

مزید :

صفحہ آخر -