نواز شریف مودی کا یار، پھانسی دی جائے: جمشید دستی، غدار کہتے بھی شرم آتی ہے: شیخ رشید

نواز شریف مودی کا یار، پھانسی دی جائے: جمشید دستی، غدار کہتے بھی شرم آتی ہے: ...

  

ملتان(سپیشل رپورٹر،نمائندہ خصوصی)عوامی راج پارٹی ورکن قومی اسمبلی جمشیددستی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ہر موقع پر ملک کیخلاف سازش کی ہے، سابق وزیراعظم کو آرٹیکل چھ کے تحت پھانسی دی جائے۔ نوازشریف ملک میں خونیں انقلاب لانا چاہتا ہے۔ نوازشریف نے ملتان میں ایک چھوٹی سی جلسی کی جسے عوام نے مستردکردیا۔جنوبی پنجاب کے مسائل کا حل صرف آئینی طور الگ صوبے کا قیام ہے جس کا دارالخلافہ ملتان ہوگا جبکہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشیداحمدنے دعویٰ کیا کہ نوازشریف ایٹمی دھماکے نہیں کرنا چاہتا تھا،میں نے ،راجہ ظفرالحق اور گوہر ایوب نے دباؤ ڈالا کہ اب نہیں تو کبھی نہیں۔ پاکستان اور نواز شریف اکٹھے نہیں چل سکتے، نوازشریف نے سری لنکا میں مودی سے تین ملاقاتیں کیں،چیف جسٹس پاکستان مخالف بیان پر نواز شریف کیخلاف کاروائی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم میں عوامی راج پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان سرائیکی پارٹی کے مرکزی صدر ملک اللہ نواز وینس نے بھی خطاب کیا ۔ جمشیددستی نے کہا کہ نواز شریف مودی کا یار ہے اورپاک افواج کا دشمن ہے،نواز شریف کا ملک دشمن ایجنڈا بے نقاب ہو گیا ہے،نواز شریف نے ہر موقع پر ملک کیخلاف سازش کی ہے۔الطاف حسین اور نوازشریف غداروطن ہیں۔نواز شریف کو آرٹیکل چھ کے تحت پھانسی دی جائے۔کوئی بھی شخص نون لیگ کو ووٹ نہیں دے گا۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی وجہ سے ملک پاکستان آج سلامت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان کی عوام نے نواز شریف کو مسترد کر دیاہے۔ہمارے جلسہ کرنے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی گئیں لیکن ثابت ہوگیا کہ صرف جاگیردار نہیں غریب کا بچہ بھی جلسہ کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نوازشریف نے ملک کو لوٹا۔ کسان، تاجر اور مزدوروں کا بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے براحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو سلام پیش کرتا ہوں جو آج ملتان آئے ،میں اور شیخ رشید قومی اسمبلی میں اسپیکر کے خلاف یک زبان ہوتے تھے۔جمشیددستی نے کہا کہ آج کے جلسہ سے صوبے کی عملی تحریک کا آغاز ہو گا،سرائیکی صوبے کے چاہنے والے تعصب والے نہیں۔صرف سرائیکی نہیں بلکہ پنجابی, بلوچی سب ہمارے بھائی ہیں۔ہم تبدیلی کیلئے لڑ رہے ہیں۔میں نے ہمیشہ غریبوں کیلئے جدوجہد کی۔الگ صوبے کا قیام ہماری منزل ہے ، ملتان ہمارے صوبے کا دارلخلافہ ہو گا۔عوامی راج پارٹی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جمشید دستی غریب کی آواز ہے۔میں اپنے بھائی عمران خان کے جلسہ سے سیدھا یہاں آیا ہوں۔سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے ممبئی حملوں پرمتنازعہ بیان کی انہوں نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں نواز شریف اور شہباز شریف کو میر جعفر اور میر صادق کی شکل میں دیکھ رہا ہوں۔نوازشریف کا کارگل میں بھی رول مشکوک تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک سچا لیڈر ہوں مر جاؤں گا جھوٹ نہیں بولو ں گا، پاکستان کا پورا میڈیا محب وطن ہے۔ میری نواز شریف سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے لیکن نواز شیریف ایک جھوٹا اورکرپٹ انسان ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن پہلے فوج کو تباہ کرتا ہے پھر ملک کو۔نوازشریف پانچ طریقوں سے ملک کو برباد کر رہا تھا۔ قرضے لیے ڈالرز میں ‘میڈیا پر قبضہ کرنا چاہا‘سرکاری اداروں میں اپنی مرضی کے لوگ لگائے۔اب نواز شریف کو دکھ ہے کہ کلبھوشن کو کیوں پکڑ لیا۔شیخ رشید نے کہا کہ میں کعبہ کی قسم کھا کہ کہتا ہوں کہ ایٹمی دھماکہ تین لوگوں نے کروایا،نوازشریف ایٹمی دھماکہ نہیں کرنا چاہتا تھا۔ میں نے راجا ظفر الحق،گوہر ایوب نے نواز شریف کو کہا اب نہیں تو کبھی نہیں۔اس موقع پر جلسہ سے عوامی راج پارٹی کے رہنما اللہ نواز وینس‘ اجمل چانڈیو‘ جام محمد یونس‘ محمد نعیم‘ عامر کرامت‘ ظفر علی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ملتان(سپیشل رپورٹر )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیان پر اسے غدار کہتے ہوئے بھی شرم آتی ہے۔نوازشریف نے پاکستان پرعالمی پابندیاں لگانے کی بنیاد رکھ دی،،ملک کی فوج.،عدلیہ ، اور معیشت کو دہشت گردوں کی واچ لسٹ میں شامل کرناسابق وزیراعظم کا اولین ایجنڈا ہے۔ نوازشریف نے متوقع عدالتی فیصلے میں سزا سے بچنے کیلئے بھارتی وزیراعظم مودی کو ٹپ دے دی ہے۔سابق وزیراعظم اقتدارکیلئے اس قدر گر جائیں گے امید نہیں تھی۔اجمل قصاب کے گھر کا پتہ نواز شریف نے دیا اس کے ثبوت ہیں۔ملتان پریس کلب میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس سال کے آخری 120 دن بہت اہم ہیں،قوم کو نواز شریف کے احتساب اور سزاسے کو دلچسپی نہیں ہے،قوم کو لوٹا ہوئے مال کی وصولی چاہیے۔جس نظام میں تین مرتبہ وزیراعظم بننے والا غیرملکی آلہ کارہو اس میں تبدیلی ضروری ہے۔ نواز شریف صرف اپنے احتساب سے بچنے کیلے پاکستان کے دشمن کو اہم ملکی راز فراہم کر رھا ہے اور افواج پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے۔سابق وزیراعظم کے ملک دشمن انٹرویو کے بعد بھارت کو پاکستان پر سرجیکل سٹرائیک کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ،.انہوں نے کہا کہ مودی انتہاپسنددل کا سربراہ ہے اور اب سرجیکل سٹرائیک کاحوصلہ نہیں ہے۔پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں، اس کے برعکس بھارت کے ایٹمی اثاثے پاکستان کے ٹارگٹ پر ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں بدقسمتی سے ایسے سیاستدان آتے ہیں جن کے انڈیا میں کاروبار یا رشتہ دار ہوتے ہیں۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کا تعلق بھارت سے پرانا ہے۔ ہیلی کاپٹر کیس میں بچنے کے لئے نواز شریف نے اپنے بیٹے حسن نواز کو بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی سے مدد مانگنے کے لئے بھیجا تھا۔ نواز شریف بھی پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچا رہے ہیں تاکہ بھارت کو سرجیکل اسٹرائیک کے لئے اکسایا جائے۔ متوقع عدالتی فیصلے میں سزا سے بچنے کے لئے بھارتی وزیراعظم مودی کو ٹپ دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف بند کمروں میں اوربات کرتا ہے اور باہر آکر اور بات کرتاہے۔ پاک فوج کو بدنام کرنا اور ملک کو دیوالیہ کرنا اس ملک کو دہشتگردی کا محور بنانا یہ پاکستان کے خلاف انٹرنیشنل ایجنڈا ہے.۔ نواز شریف نے اس گروپ کا ساتھ دیا جو امریکہ انڈیا اور اسرائیل گٹھ جوڑ پر مشتمل ہیں ۔سابق وزیراعظم انڈین ایجنڈے کی تکمیل کرتے ہوئے بھارت سے مل کر افواج پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں کرپشن ختم نہ ہوئی تو ترقی ممکن نہیں۔ کرپشن اور احتساب کو نشانہ بنانے سے ملک تباہی کی طرف جائے گا، جان بوجھ کر اتنے قرضے لیے گئے ڈالر 119 کا ہوگیا۔ڈالر کی قیمت بڑھنے سے پاکستان کے قرضے بیس گنابڑھ گئے۔انہوں نے کہا کہ اب مارشل لاء کا دور نہیں، نا مارشل لاء لگے گا۔ملک عام انتخابات کی طرف جارہا ہے،امید ہے کہ عام انتخابات چیف جسٹس ثاقب نثار کے دورمیں ہوجائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لاہورکے لوگ کہتے ہیں کہ شہبازشریف نے نوازشریف سے زیادہ کرپشن کی ہے،شہبازشریف ماڈل ٹاؤن،نندی پور،آشیانہ سمیت مختلف کرپشن کیسز میں ملوث ہیں۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -