وزیراعلیٰ پنجاب آج خانیوال میں جلسہ‘ میگا پراجیکٹس کا افتتاح کرینگے

وزیراعلیٰ پنجاب آج خانیوال میں جلسہ‘ میگا پراجیکٹس کا افتتاح کرینگے

  

خانیوال‘ ٹبہ سلطان پور (بیورو نیوز‘ نمائندہ پاکستان)خانیوال (بیورونیوز ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف آج تین بجے بذریعہ ہیلی کاپٹر خانیوال پہنچیں گے ان کا ہیلی پیڈ گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول کے گراؤنڈ میں بنایا گیا ہے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف خانیوال لودھراں ر وڈ ،کبیروالا پبلک سکول، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مختلف شعبوں جن میں سٹی سکین،پیڈز، ہیپاٹائٹس فلٹرکلینک، ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کریں گے وہ سرکٹ ہاؤس میں ضلع بھر کے منتخب نمائندوں اور پارٹی رہنماؤں سے بات چیت کریں گے شام چھ بجے ریلوے گراؤنڈ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ضلعی انتظامیہ اور لیگی قیادت نے انتظامات مکمل کرلیئے ہیں پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر راؤ سعادت علی خاں کے مطابق جلسہ گاہ میں دس ہزار کرسیاں، چالیس ضرب اسی کا سٹیج بنادیا گیا ہے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اس کے علاوہ ضلع بھر سے لیگی قافلے جلسہ کے لئے تیار ہوچکے ہیں ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف آج 14مئی کو 2ارب روپے سے زائد کی گرانٹ سے چوک میتلا میں بہاولپور خانیوال روڈ پر بننے والے فلائی اوور کا افتتاح کریں گے ۔وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کیلئے بہاولپور روڈ پر چوک میتلا میں فلائی اوور کے قریب ہیلی پیڈ تیار کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کی تختی بھی نصب کردی گئی ہے۔ سیکورٹی کے بھی غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔فلائی اوور چوک میتلا اور خانیوال بہاولپور روڈ کی تعمیر کر نیوالا عملہ دن رات کام کرنے میں مصروف ہے واضع رہے کہ خانیوال بہاولپور روڈ کی تعمیر وفاقی گرانٹ سے تین ایم این ایز لودھراں سے رکن قومی اسمبلی عبدالراحمن کانجو ، ضلع وہاڑی سے سعید احمد خان منیس اور خانیوال سے چوہدری افتخار نذیر کی خصوصی درخواست پر92کلو میٹر روڈ کی تعمیر منظور کی گئی تھی گرانٹ وفاقی حکو مت ہے لیکن افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کررہے ہیں دوسری طرف دانش اسکول ٹبہ سلطان پورکی تعمیر مکمل نہ ہو نے کے باعث وزیراعلیٰ پنجاب نے دانش اسکول کا دورہ افتتاح ملتوی کردیا ہے ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب دانش اسکول ٹبہ سلطان پور کا افتتاح بھی رواں ماہ کسی بھی دن کرسکتے ہیں تاہم دانش اسکول انتظامیہ کی جانب سے تیاریوں کا سلسلہ بھی بھر پور انداز میں جاری اتوار کے روز چھٹی ہو نے کے باوجود اسسٹنٹ کمشنر میلسی بھی سارادن دانش اسکول میں موجود رہے اور تیاریوں کی نگرانی کرتے رہے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز ریجنل پولیس آفیسر چوہدری ادریس نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے خانیوال دورے کے انتظامات اور سکیورٹی کا جائزہ لیا۱ اس موقع پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل، ایس پی انوسٹی گیشن نعیم الحسن بابر، ضلعی صدر مسلم لیگ ن راؤ سعادت علی خاں، ایم پی اے نشاط احمد ڈاہا، چیئرمین بلدیہ مسعود مجید، وزیر اعلیٰ ٹیم کے ارکان توصیف شاہ ،اے سی کبیروالا طارق بھٹی اور دیگر شخصیات موجود تھیں آر پی او چوہدری ادریس نے جلسہ گاہ کا معائنہ کیا اور دیگر روٹس کا جائزہ لیا ۔ دوسری طرف میاں شہباز شریف کی آمد سے قبل ناراض لیگی کارکنان نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے ہزاروں روپے بڑی بڑی شہر بھر میں پینا فلیکس آویزاں کیں جن پر میاں شہباز شریف کی تصویر کے ہمراہ کارکنوں نے مقامی قیادت کے کسی بھی راہنما ایم این اے ، ایم پی اے ، چیئرمین ضلع کونسل ،چیئرمین بلدیہ ، وائس چیئرمین بلدیہ سمیت دیگر کسی بھی ذمہ دار عہدیدار کی تصویر نہ لگائی ۔ جبکہ رابطہ کرنے پر کارکنان نے بتایا کہ وہ مقامی لیگی قیادت کی پالیسیوں اور تعاون سے کی وجہ سے نالاں ہیں اور ہم نے بطور احتجاج کسی بھی مقامی لیگی راہنما کی تصویر اپنے بورڈ پر پرنٹ نہیں کروائی ۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -