انتخابات میں پی پی ‘ ن لیگ کو امیدوار ڈھونڈنے سے نہیں ملیں گے‘ شاہ محمود

انتخابات میں پی پی ‘ ن لیگ کو امیدوار ڈھونڈنے سے نہیں ملیں گے‘ شاہ محمود

  

ملتان (نیوز رپورٹر‘ سپیشل رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف نے ملتان میں پی پی پی کی دو اہم وکٹیں گرادیں۔ سابق صدر پی پی ضلع ملتان ملک اکرم کنہوں اور سابق ٹکٹ ہولڈر صوبائیاسمبلی جلال پور پیروالا لعل خان جوئیہ کی مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ دونوں شخصیات نے گزشتہ روز باب القریش ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر وفد سے ملاقات کرتے ہوئے بتایا کہ پی پی اور ن لیگ کی ایک بہت بڑی تعداد کی تحریک انصاف میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ تحریک انصاف اس وقت پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا ابھی بھی بہت نامور سیاسی شخصیات پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنا چاہتی ہیں۔ آئندہ انتخابات سے قبل پی پی اور ن لیگ کو امیدوار ڈھونڈنا مشکل ہو جائے گا۔ ملتان میں سورج میانی روڈ پر سپیڈو بس کا سواریوں سمیت سڑک کے اندر دھنس جانا نام نہاد خادم اعلیٰ کے ترقیاتی کاموں کے اعلیٰ معیار پر سوالیہ نشان ہے ۔ یہ شکر ہے کہ اس میں کسی انسانی جان کا نقصان نہیں ہوا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملتان میں میٹرو کی ضرورت نہیں تھی عوام کے پیسوں کا 70ارب روپیہ خام خواہ میں میٹرو بس پروجیکٹ پر لگا دیا گیا اور صبح سے شام تک خالی بسیں چل رہی ہیں۔ حکمرانوں کو پرواہ تک نہیں۔یہی 70ارب روپیہ اگر جنوبی پنجاب کے صحت ‘ تعلیم اور سڑکوں کے پروجیکٹ پر لگا دیا جاتا تو جنوبی پنجاب کی حالت بدل جاتی ۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف واضح طور پر اعلان کر چکی ہے کہ اگر اللہ نے ہمیں موقع دیا اور اقتدار میں آئے تو انشاء اللہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ انتظامی یونٹ بنائینگے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دونوں شخصیات کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ ان دونوں شخصیات کی شمولیت سے تحریک انصاف کو تقویت ملے گی۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -