نواز شریف مودی کی زبان بول رہے، قوم فوج کیساتھ ہے: حافظ سعید
لاہور (ویب ڈیسک) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہاہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف وہی زبان بول رہے ہیں جو مودی انڈیا میں بولتا ہے۔انہیں قاتل بھارت سے دوستی مبارک‘ پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے اور رہے گی۔ وطن عزیز پاکستان کیخلاف سازشوں کے توڑ کیلئے قوم کا ہر فرد افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیانواز شریف بتائیں کیا وہ بھی دہشت گرد تھے؟۔حکمران بھارت سے دوستی اور امریکی غلامی ترک کر دیں درپیش مسائل حل ہو جائیں گے۔ملک میں لسانیت و صوبائیت پرستی نہیں نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست کریں گے۔ وہ مرکز المدینہ پشاور میں ایک بڑے کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
اس موقع پرتمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کنونشن سے ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، مفتی محمد قاسم، اصغر خٹک، سمیع اللہ برکی، یاسین خان، محمد سیاف، ڈاکٹر محمد نذیر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم پاکستان میں نظریات کی سیاست کو فروغ دیں گے اور اسلام و پاکستان کا دفاع کریں گے۔پاکستان میں سقوط ڈھاکہ طرز کی سازشیں ان شاءاللہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ افواج پاکستان اور دفاعی ادارے پچھلے تیس سال سے ملک کیخلاف بیرونی قوتوں کی سازشیں ناکام بنا رہے ہیں۔حکمران اسلام و پاکستان کے نام پر ووٹ لیتے ہیں لیکن دوستیاں لاکھوں مسلمانوں کے قاتل بھارت و امریکہ سے لگاتے ہیں۔ خطرات کے اس دور میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر دفاع وطن کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔ جو حکومتی ذمہ داران کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنیو الوں کیخلاف دہشت گردی کا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں وہ قائد اعظم محمد علی جناح سے متعلق کیا کہیں گے جنہوںنے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا۔
اگر جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے آواز بلند کرنا دہشت گردی ہے تو یہ کام ہم کرتے رہیں گے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ بیرونی قوتیں پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بعض حکومتی ذمہ داران صادق و امین بننے کی بجائے آئین سے باسٹھ تریسٹھ کو نکال دینا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کو لوٹ مار کا پاکستان بنادیں۔ یہ ملک کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا یہ قائم و دائم رہے گا۔