سانحہ وادی نیلم، جاں بحق افراد کی تعداد 7ہوگئی، 6 کی تلاش جاری

سانحہ وادی نیلم، جاں بحق افراد کی تعداد 7ہوگئی، 6 کی تلاش جاری
سانحہ وادی نیلم، جاں بحق افراد کی تعداد 7ہوگئی، 6 کی تلاش جاری

  

آزاد کشمیر(ڈیلی پاکستان آن لائن )وادی نیلم میں المناک سانحے نے سب کو غم زدہ کر دیا، نالہ جاگراں میں پل کے حادثے میں سیاحوں کے ڈوبنے کے واقعے میں اب تک 7 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ لاپتہ 6 افراد کی تلاش جاری ہے۔

ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ نالہ جاگراں میں ڈوبنے والے ایک اور سیاح کی لاش نکال لی گئی جس کے بعد ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی۔

کمشنر مظفرآباد کے مطابق لاپتہ ہونیوالوں میں احمد راشد، معظم افتخار کا تعلق ٹپس کالج فیصل آباد جبکہ امتل منصور اور آمنہ کوثر کا تعلق ساہیوال میڈیکل کالج سے ہے، لاہور کی فائزہ نعمان اور مقامی شخص صائم شفاعت کی لاش بھی نہ مل سکی۔ کمشنر کا کہنا ہے لاپتہ سیاحوں کے بچنے کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ایک شخص کی لاش کی شناخت نہیں کی جا سکی جب کہ حادثے میں لاپتہ ہونے والے 6 افراد کی تلاش جاری ہے جس کے لیے پاکستان آرمی، نیوی، ریسکیو 1122 اور پولیس و دیگر لوگ مصروف عمل ہیں۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 11 افراد کوآرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ مظفر آباد منتقل کیا گیا تھا۔ پل گرنے کے واقعے پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کی جانب سے مظفرآباد میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کنٹرول روم کے فون نمبر 0582220097 پر رابطہ کریں۔

دوسری جانب لاہور میں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے انفارمیشن سیل قائم کر دیا اور کہا گیا ہے کہ لواحقین معلومات کے لیے اس نمبر پر 99204404-042 رابطہ کرسکتے ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -آزاد کشمیر -