ہم دعا لکھتے رہے وہ دغا پڑھتے رہے،کیپٹن صفدر نے نواز شریف کے بیان پر تنقید کو سازش قرار دے دیا

ہم دعا لکھتے رہے وہ دغا پڑھتے رہے،کیپٹن صفدر نے نواز شریف کے بیان پر تنقید کو ...
ہم دعا لکھتے رہے وہ دغا پڑھتے رہے،کیپٹن صفدر نے نواز شریف کے بیان پر تنقید کو سازش قرار دے دیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر نے نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر تنقید کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے سیاق وسباق سے ہٹ کر بیان پیش کیا ، یہ وہی معاملہ ہے،ہم دعا لکھتے رہے وہ دغا پڑھتے رہے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیپٹن صفدر نے نواز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے بیان پر تنقید کو سازش قرار دے دیا اور کہا کہ الیکشن سے پہلے نواز شریف کے کیخلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک نقطے نے محرم سے مجرم بنا دیا، سازش کنٹینر سےشروع ہوکر عدالتوں تک پہنچی، نواز شریف کے بیان کو صحیح طرح سے پڑھاجائے، بھارتی میڈیا نے نواز شریف کے بیان کو تبدیل کیا۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا سرل المیڈا کا نواز شریف سے انٹرویو فواد حسن فواد نے طے کرایا؟ جس کے جواب میں نواز شریف کے داماد نے کہا کہ اس بارے میں فواد حسن فواد ہی بتا سکتے ہیں مجھے معلوم نہیں۔صحافی نے ایک اور سوال کیا کہ آپ فوج میں رہے ہیں ، فوج کانواز شریف کے بیان پر کیا رد عمل ہوگا، جس پر کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ میں اب بھی فوج کا حصہ ہوں اور مجاہد ہوں ، فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں جو اس بیان پرایکشن لے۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں الیکشن ہو نے والے ہیں ،سیاسی جنگ جاری ہے، نواز شریف کے بیان کی مذمت نہیں کروں گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نوازشریف کے ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان پرملک کے سینئردفاعی، سیاسی تجزیہ کاروں اور سیاست دانوں کا شدید ردعمل سامنے آیا تھا، جس میں بیان کو ملک دشمنی قرار دیا گیا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -