کمیشن بنانے کا مطالبہ معاملے کو الجھانے کی کوشش،پی ٹی آئی یہ مطالبہ مسترد کرتی ہے:فواد چوہدری

کمیشن بنانے کا مطالبہ معاملے کو الجھانے کی کوشش،پی ٹی آئی یہ مطالبہ مسترد ...
کمیشن بنانے کا مطالبہ معاملے کو الجھانے کی کوشش،پی ٹی آئی یہ مطالبہ مسترد کرتی ہے:فواد چوہدری

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی جانب سے کمیشن بنانے کا مطالبہ معاملے کو الجھانے کی کوشش ہے ،یہ ملک نواز شریف کی فرمائشوں سے نہیں آئین و قانون کے مطابق چلے گا،ہماری پارٹی کمیشن کے قیام کا مطالبہ مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے بونیر میں قومی کمیشن بنانے کے مطالبے پر رد عمل دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پانامہ ٹرائل جوں جوں انجام کی جانب بڑھ رہا ہے نواز شریف کی بدحواسیوں میں ہورہا ہے،آئین کا آرٹیکل چھ بالکل واضح اور غیر مبہم ہے،کمیشن کا مطالبہ معاملے کو الجھانے کی کوشش ہے۔ فواد چوہدری کہتے ہیں کہ کمیشن کے ذریعے قومی اداروں کے سربراہان کو بلیک میل کرنے کی کوئی خواہش اگر ہے بھی تو اس سے چھٹکارا پالیں،ریاست پاکستان کیخلاف آپ کی شرمناک مہم کا قوم پوری قوت سے جواب دے گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کو کمیشن کے قیام کا خیال اسوقت کیوں نہیں آیا جب وہ وزیر اعظم تھے؟ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے پانامہ کیس میں بھی نواز شریف نے جے آئی ٹی بنوائی اور مٹھائیاں تقسیم کیں،اس جے آئی ٹی نے جب نواز شریف کی سیاہ کاریاں بے نقاب کیں تو آج تک رونا بند نہیں ہو رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ یا بھارتی لابی آپ کو کرپشن کے الزامات سے نہیں بچا پائیں گی، عدالت میں جواب دینا ہوگا،پانامہ کا حساب تو آپ سے لیا جا رہا ہے، اس بیان کا جواب بھی آپ ہی کو دینا ہوگا۔

مزید : قومی /سیاست /علاقائی /اسلام آباد