پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر کی جانب سے 24 واں مقابلہ حسن قرأت

پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر کی جانب سے 24 واں مقابلہ حسن قرأت
پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر کی جانب سے 24 واں مقابلہ حسن قرأت

  

ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر کی جانب سے 24 واں مقابلہ حسن قرأت منعقد کیا گیا جس میں بچوں اور بچیوں نے قرآن پاک کی تلاوت کرکے حاضرین کے دلوں کو خوب منور کیا، سعودی دارالحکومت ریاض کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے مقابلہ حسن قرأت میں آٹھ سے چودہ سال کے پندرہ بچیوں اور پندرہ بچوں نے حصہ لیا جبکہ بچوں کی قرأت کو جانچنے کے لئے تین قاری حضرات کو بطور جج مدعو کیا گیا تھا۔ 

بچوں اور بچیوں نے فرداً فرداً تلاوت کلام پاک کی تلاوت کی اور اپنی خوبصورت آوازوں کے ذریعے ماحول کو معطر اور منور کرتے رہے جس پر ہال میں موجود حاضرین نے بھی سبحان اللہ کہہ کر بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، ججز نے بچوں میں محمد عبدالرحمان کو پہلی ، زید احمد کو دوسری اور ابشام شکیل کیانی کو تیسری پوزیشن کے لئے نامزد کیا جبکہ بچیوں میں عائشہ قاضی پہلی،زینب وسیم دوسری اورھبا خالد نے تیسری پوزیشن حاصل کی جن کو اعزازی سرٹیفکیٹ اور ٹرافیاں انعام میں دی گئیں اس کے علاوہ مقابلے میں شریک دیگر بچوں کو بھی سرٹیفکیٹ کے علاوہ دیگر ڈھیروں انعامات سے بھی نوازا گیا .

اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان کے کیمونٹی ویلفئیر اتاشی محمود لطیف نے اپنے خطاب میں قرآن پاک کی فضیلت اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک مکمل ضابطہ حیات ہے اس میں اللہ نے سمجھنے والوں کے لئے بے شمار نشانیاں رکھی ہیں آج ہم اگر مختلف مسائل کا شکار ہیں تو اس کی بڑی وجہ قرآن کریم سے دوری ہے ہمیں قرآن کے قریب ہونا ہوگا اسے محض ثواب کی نیت کے پڑھنے کی بجائے اس پر عمل پیرا ہونے کی بھی ضرورت ہے تاکہ ہماری زندگیاں آسان ہوسکیں اور ہم روزمرہ کی پریشانیوں سے چھٹکارا حاصل کر سکیں رائٹر کلب کی کاوش کو جتنا سراہا جاے کم ہے کہ جھنوں نے بچوں میں قرآن کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لئے یل شاندار پرنور محفل کا انعقاد کیا.

رائٹر کلب کے صدر فیاض ملک کا کہنا تھا کہ گزشتہ چوبیس سال سے بچوں کے مابین مقابلہ حسن قرآت منعقد کروایا جا رہا ہے جس کا مقصد یہی ہے کہ بچوں کو قرآن مجید فرقان حمید سے روشناس کروایا جائے تاکہ انہیں قرآن مجید سے لگاو پیدا ہو اور وہ قرآن تعلیمات کے مطابق معاشرے میں بہتر کردار ادا کر سکیں، لیڈی چیپٹر کی صدر ڈاکٹر فرح نادیہ نے کہا کہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بچوں کو رمضان المبارک کے مہینے میں قرآن پاک کی تلاوت کے ذریعے سامنے لاہیں تاکہ ان کے اندر قران مجید کی محبت کو اجاگر کیا جائے جبکہ انکی حوصلہ افزائی بھی کی جائے تاکہ بچے آئندہ بھی اس تیاری کے ساتھ مقابلہ حسن قرآت میں حصہ لے سکیں.

مزید : عرب دنیا