مسلسل نظر انداز کئے جانے والے فواد عالم نے شاندار بات کہہ دی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے مسلسل نظر انداز کئے جانے والے کرکٹر فواد عالم نے ورلڈکپ میں شریک قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میگاایونٹ سے پہلے وہاں کے ماحول میں ڈھل جانا فائدہ مند ثابت ہو گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد عالم نے کہا کہ وہ ٹیم میں شامل نہ کئے جانے کی حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتے مگر ان کی نیک تمنائیں ورلڈکپ کھیلنے کیلئے جانے والی ٹیم کیساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں مایوس نہیں ہو کیونکہ یہ تمام کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور میری دعا ہے کہ یہ بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے قوم کو خوشخبری دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میری قسمت میں ہو گا، ٹیم میں شامل ہو جاﺅں گا لیکن فی الحال میری تمام تر حمایت ان کھلاڑیوں کیساتھ ہے جو میگا ایونٹ کیلئے ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ فواد عالم نے سال 2015ءمیں پاکستان کی جانب سے آخری ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا اور اس کے بعد سے اب تک موقع ملنے کے منتظر ہیں۔