50کروڑ کا غبن، کمیونی کیشن ورکس ڈیپارٹمنٹ کے 3افسروں کیخلاف تحقیقات شروع
لاہور(ارشد محمود گھمن)کمیونی کیشن ورکس ڈیپارٹمنٹ کے ایکسیئن سیکنڈ بلڈنگ ڈویژن ایئر کنڈیشنڈ لاہور میں 50کروڑ کی بے ضابطگیوں کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان سٹیزن پورٹل پرشکایت موصول ہونے پر ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس نے سابق ایکسیئن خالق گجر،ایس ڈی او اکمل شاہ اور سب انجینئر مظفر حسین کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔یہ افسران پنجاب بھر کی سرکاری بلڈنگز میں ایئر کنڈیشنڈ مینٹیننس کی مد میں قومی خزانہ سے کروڑوں روپے خورد بردکے الزامات کے باوجود بھی سفارش کے بل بوتے پر 10سال سے پرکشش سیٹوں پر تعینات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کمیونی کیشن ورکس ڈیپارٹمنٹ کے ایکسیئن سیکنڈ بلڈنگ ڈویژن ایئر کنڈیشنڈ لاہور کوپنجاب بھر کے سرکاری اداروں سول سیکرٹریٹ،جی او آر، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ،گورنر سیکرٹریٹ، اینٹی کرپشن،سی اینڈ ڈبلیووغیرہ کے دفاتر میں لگائے گئے نئے ایئر کنڈیشنڈکی مینٹیننس جس میں گیس اورکمپریسرکی تبدیلی وغیرہ شامل ہیں کے لئے حکومت پنجاب موسم کی تبدیلی کے پیش نظرکروڑوں روپے جاری کرتی ہے جس کے بعد سابق ایکسیئن خالق گجر اورایس ڈی او اکمل شاہ اور سب انجینئر مظفرحسین فرضی ٹھیکیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے ایئر کنڈیشنڈ کی مرمت کے نام پر ہر سال جعلی سازی اور کوٹیشن کی مد میں مبینہ طور پرقومی خزانہ سے کروڑوں روپے خورد برد کرلیتے ہیں۔مذکورہ افسران گزشتہ کئی سال سے مبینہ طور پرپرکشش سیٹوں پر اعلیٰ افسران کوخوش رکھنے کی وجہ سے تعینات ہیں اورتقریباً 50کروڑ روپے کی قومی خزانہ میں بے ضابطگیوں پر ان کے خلاف وزیراعظم پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت موصول ہوئی جس کے بعد ڈی جی اینٹی کرپشن نے فوری طور پر مذکورہ افسروں کے خلاف اینٹی کرپشن ریجن لاہور کو انکوائری کرکے کارروائی کی ہدایت کی ہے جبکہ مذکورہ افسران نے اینٹی کرپشن میں اپنااثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے تحقیقات رکھوانے کے لئے تگ ودوشروع کردی ہے۔ ایکسئن فیصل سعید نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن سے نوٹس موصول ہوچکاہے،انوسٹی گیشن آفیسر کو جو بھی ریکارڈ دستیاب ہو گا وہ مہیا کیا جائے گاجبکہ ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس نے کہاہے کہ نئے پاکستان میں کرپٹ افسر ان کاقلع قمع کیا جائے گااور کسی صورت بھی قومی خزانہ کو لوٹنے والے کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
تحقیقات