دنیا بھر میں طبی عملے کے 22ہزار کارکن کورونا کا شکار ہیں: عالمی ادارہ صحت

        دنیا بھر میں طبی عملے کے 22ہزار کارکن کورونا کا شکار ہیں: عالمی ادارہ ...

  

قاہرہ (این این آئی)عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد بن سالم المنظری نے انکشاف کیا ہے کہ اب تک پوری دنیا میں طبی عملے کے 22 ہزار کارکن کرونا کا شکار ہوچکے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چین میں کرونا کے پہلے مریض کے سامنے آنے کے 134 دن اور مشرق وسطیٰ میں پہلے مریض کے 105 دن بعد تازہ صورت حال پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر المنظری نے کہا کہ کرونا سے لگ بھگ چار ملین افراد متاثر ہوچکے ہیں۔المنظری نے بتایا کی پوری دنیا میں صحت کے شعبے کے 50 ملین کارکن کرونا کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ ان میں سے تین لاکھ 50 ہزار کارکن مشرق وسطیٰ کے ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وقت دنیا کے 52 ممالک میں طبی عملے کے 22 ہزار کارکن کرونا کا شکار ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 90فی صد کارکن ہسپتالوں اور طبی مراکز میں کرونا کا شکار ہوئے۔مشرق وسطیٰ کے ممالک میں کرونا کے متاثرین میں ایک سے 20 فی صد طبی عملے کے کارکن شامل ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ڈبلیو ایچ او کے عہدیدار نے کہا کہ جن ممالک نے کرونا کی وجہ سے مکمل لاک ڈاؤن کیا انہیں حفاظتی تدابیر کیلئے وقت مل گیا اور ساتھ ہی وبا کو مزید پھیلنیسے بھی روک دیا گیا۔کرونا کی ویکسین کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اس وقت 100 اقسام کی ویکسین کی تیاری پر کام ہو رہا ہے۔ ان میں سے 8 ویکسین پر تجربات جاری ہیں تاہم فی الحال انہیں عام لوگوں کے لیے استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت

مزید :

صفحہ آخر -