کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کے تدراک کیلئے کوشاں: ترجمان پنجاب حکومت
لاہور(این این آئی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی لاک ڈاؤن میں نرمی اور کاروبار کھولنے کی اجازت کے بعد کی صورتحال پر مکمل نظر ہے،ٹیسٹنگ کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے،”نقاب شریف“ قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں،شریفوں کی ٹی ٹیز مارکہ سیاست نے ملک کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلا۔ میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی وجہ سے ہر لمحے بدلتی صورتحا ل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنی ذمہ داریوں سے ہرگز غافل نہیں۔ معاشی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی اور کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی اور تمام تاجر تنظیموں کی جانب سے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ عوام اور تاجروں کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کیلئے مرتب کئے گئے ایس اوپیز پر اس طرح عملدرآمد نہیں کیا جارہا جس کی موجودہ حالات میں ضرورت ہے اور یہ رجحان خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت اپنے طور پر کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کے تدارک کیلئے دن رات کوشاں ہے لیکن یہ جنگ عوام کی شمولیت کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی۔
مسرت جمشید چیمہ