ٹرانزیکشنز کا دعویٰ کرنیوالے بتائیں کرپشن کہاں ہوئی؟ ترجمان شریف فیملی

  ٹرانزیکشنز کا دعویٰ کرنیوالے بتائیں کرپشن کہاں ہوئی؟ ترجمان شریف فیملی

  

لاہور (آئی این پی)ترجمان شریف فیملی نے شہبازشریف پر شہزاد اکبر کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ جن ٹرانزیکشن کا دعویٰ کیاجارہا ہے، ان میں بھی بتائیں کہ کرپشن کہاں ہوئی ہے؟ تین سال سے جھوٹے الزامات کی بنیاد پہ شریف خاندان کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ ترجمان کے مطابق شریف خاندان کیخلاف کردار کشی اور میڈیا ٹرائل افسوس ناک ہے۔ حمزہ شہبازایک سال سے جیل میں ہیں لیکن ابھی تک کوئی الزام یا کوئی ریفرنس نیب دائر نہیں کرسکا۔ ترجمان نے کہا کہ دو سال سے شریف خاندان کے دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں، تمام دستاویزات اور ریکارڈ چوری کیا گیا،ملازمین کو گرفتار کیا گیا، ان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس کے باوجود کوئی جھوٹا الزام ثابت نہیں ہوسکا۔ترجمان شریف خاندان کا مزید کہنا تھا کہ آشیانہ، صاف پانی، گندا نالہ، 56کمپنیاں، ملتان میٹرو سمیت کسی مقدمے میں شہباز شریف پر بدعنوانی، کک بیکس، کرپشن یا عوامی سرمائے کے ایک روپے کے غلط استعمال کا الزام ثابت نہیں ہوسکا ہے۔

ترجمان شریف فیملی

مزید :

صفحہ اول -