حکمران صوبوں کے آئینی اور مالیاتی اختیارات کم کرنے کیلئے کوشاں،آصف زرداری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کورونا سے لڑنے کی بجائے اپوزیشن سے لڑ رہی ہے،، حکمرانوں نے ملک میں موجود تمام اتفاق رائے برباد کر دیا، کورونا کے حوالے سے آنے والا وقت زیادہ مشکل ہے جس کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے،حکمران پھر سے صوبوں کے آئینی اور مالیاتی اختیارات کم کرنا چاہتے ہیں۔پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس کے دوران ملک میں کورونا، سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ قمرزمان کائرہ نے بتایا کہ آصف زرداری نے کورونا پر فکر مندی اور حکومتی فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جب 2008 میں پیپلز پارٹی کو اقتدار ملا تو ملک دہشت گردی اور نفاق کا شکار تھا، ہم نے قومی اتفاق رائے سے سوات آپریشن کیا اور امن لے کر آئے، ملک میں اناج کا بحران تھا، آٹے پر جھگڑے ہو رہے تھے۔ ہم نے ملک کو خوراک میں خودکفیل کیا۔ بدقسمتی سے حکمران پھر ملک کو مشرف دور کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ بلوچ عوام ناراض تھے، آغاز حقوق بلوچستان پیکیج دے کر انہیں ساتھ جوڑا، مشرف آمریت کی وجہ سے وفاق خطرات کی زد میں آچکا تھا، ہم نے صوبوں کو آئینی اور مالیاتی اختیارات دے کر وفاق کو مضبوط کیا۔
آصف زرداری