62فیصد ایم پی ایز لاک ڈاؤن کے حامی،38فیصد مخالف

    62فیصد ایم پی ایز لاک ڈاؤن کے حامی،38فیصد مخالف

  

لاہور(این این آئی)ملک کی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین اسمبلی کی لاک ڈاؤن کے حق اور مخالفت میں رائے سامنے آ گئی۔فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) سرو ے کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے 62فیصد اراکین نے لاک ڈاؤن کی حمایت جبکہ صرف 38 فیصد اراکین نے مخالفت کی۔فافن کی جانب سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے سروے کیا گیا، یہ سروے کرونا کے باعث پا کستا ن کو درپیش معاشرتی و معاشی مسائل سے متعلق تھا،جس میں فافن نے ملک کی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کی آرا ء کو جمع کیا، سرو ے میں صوبائی اسمبلیوں کے 749 میں سے 219 اراکین کی رائے لی گئی۔فافن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلیوں کے ارکان نے سنجیدہ اقدامات، 59فیصد اراکین نے بحران سے نمٹنے کیلئے مزید اقدامات پر زور دیا، 59فیصد میں سے 21 فیصد کا تعلق چاروں صوبوں کی حکمران جماعت سے تھا، جبکہ بحران کیخلاف مزید اقداما ت کرنے پر متفق 38 فیصد کا تعلق اپوزیشن سے تھا۔سروے میں 37 فیصد اراکین صوبائی اسمبلی نے وفاقی حکومت کے اقدامات کو موثر قرار دیا جبکہ تقریباً 4 فیصد اراکین نے وفا قی یا صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر رائے نہیں دی۔ اکثر تجاویز وبا ء کے معاشی اثرات سے نمٹنے، ٹیسٹنگ سہولیات میں بہتری پر تھی، نصف اراکین نے کورونا سے نمٹنے کیلئے ضلعی ا نتظا میہ سے رابطہ نہ ہونے کا کہا۔بعض اراکین کی رائے تھی کہ پارلیمان اور صوبائی اسمبلی کے اجلاسوں میں ہونیوالی بے نتیجہ بحث کا کوئی فائدہ نہیں، سروے میں شامل اراکین میں 101 کا تعلق پنجاب، 53 کا سندھ اسمبلی سے تھا، سروے میں شامل 45 اراکین کا تعلق خیبر پختونخوا اور 20 کا تعلق بلوچستان اسمبلی سے تھا۔فافن کے مطابق سروے کیلئے 15 پارلیمانی جماعتوں کے اراکین اسمبلی سے رابطہ کیا گیا، سروے میں حکومتی اور حزب اختلاف کی جماعتوں کی برابر نمائندگی رہی۔

لاک ڈاؤن حامی

مزید :

صفحہ اول -