وزیراعلٰی عثمان بزدار شوگر انکوائری کمیشن کے سامنے پیش، بیان ریکارڈ

      وزیراعلٰی عثمان بزدار شوگر انکوائری کمیشن کے سامنے پیش، بیان ریکارڈ

  

اسلام آباد/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شوگر انکوائری کمیشن میں پیش ہوگئے۔ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں حالیہ چینی بحران کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق عثمان بزدار نے کمیشن کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ذرائع نے بتایا کہ واجد ضیاء کی سربراہی میں کمیشن نے عثمان بزدار سے انکوائری کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے شوگر ملز کو دی گئی سبسڈی کے فیصلے کا پس منظر بتایا اور محکمہ خوراک میں افسروں کی تبدیلیوں کے پس منظرسے بھی کمیشن کو آگاہ کیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعدمارکیٹوں اوربازاروں میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر سخت تشویش کااظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مارکیٹوں اوربازاروں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کانوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ انتظامیہ اورپولیس حکام مارکیٹوں اوربازاروں کے حوالے سے ایس اوپیز پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے عوام کو بچانے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات پرعمل کیا جائے۔عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بلاضرورت باہر نہ نکلیں۔لاک ڈاؤن میں نرمی عام طبقات کی معاشی مشکلات کو مدنظررکھ کرکی گئی اور کاروبار کوایس او پیز کے ساتھ مشروط کیاگیاہے۔ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔شہری احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب انصاف امداد پروگرام کے تحت پہلے 2روز میں مستحق خاندانوں میں 3ارب روپے سے زائد کی مالی امداد تقسیم کی گئی ہے اوراب تک 2لاکھ70ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو مالی امدادشفاف طریقے سے دے چکے ہیں۔کورونالاک ڈاؤن سے 25لاکھ متاثرہ خاندانوں کو 12ہزارروپے فی خا ندان مالی امدادفراہم کررہے ہیں۔پنجاب بھر میں 600سے زائد امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے ملاقات کی۔صوبائی وزیر نے بورڈز آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں 45 لاکھ 42 ہزار روپے کا چیک دیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے تعلیمی بورڈز کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ میں رقم عطیہ کرنے پر افسروں اور عملے کا شکریہ ادا کیا۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -