کورونا وباء، فرزندان اسلام محدود تعداد میں آج اعتکاف بیٹھیں گے

  کورونا وباء، فرزندان اسلام محدود تعداد میں آج اعتکاف بیٹھیں گے

  

لاہور (آن لائن) ملک بھرمیں آج 20رمضان المبارک سے اعتکاف کا آغاز ہوگا،جو شوال کا چاند نظر آنے تک جاری رہے گا،تاہم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث سرکاری سطح پر اجتماعی اعتکاف کا اہتمام نہیں کیاگیا۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے ترجمان آصف اعجاز کے مطا بق امسال کرونا وائرس کے پھیلاؤسے جانی نقصان کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعہ مسجد داتا دربار اور بادشاہی مسجد سمیت صوبہ بھر میں سرکاری طور پر اجتماعی اعتکاف کا اہتمام نہیں کیاگیا،لیکن انتہائی مختصر تعداد میں افراد ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے اعتکاف کریں گے۔ دوسری طرف جامعہ نعیمیہ اورجامعہ اشرفیہ نے بھی اجتماعی اعتکاف کا اہتمام نہیں کیا۔ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے امسال منہاج القرآن نے بھی شہر اعتکاف نہیں سجایا۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کے مطابق جا معہ نعیمیہ میں 4 افراد اعتکاف میں بیٹھ سکیں گے۔ مولانامجیب الرحمن انقلابی کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے باعث جا معہ اشرفیہ میں بھی چند افراد کو اعتکاف کرنے کی اجازت ہو گی۔ بادشاہی مسجد میں 4 سے 5 افراد کو اعتکاف کرانے کاانتظام کیا گیا۔دیگر بڑ ی مساجد،جامعات میں بھی محدود تعدا د میں فرزندان اسلام اعتکاف کریں گے۔یاد رہے ہرسال بادشاہی مسجد، جامعہ مسجد داتا دربار او ر منہاج القرآن کا شہر اعتکاف آباد ہوتا ہے اور یہاں اعتکاف کرنے کیلئے متعکفین کو بذریعہ قرعہ اندازی موقع ملتا ہے۔

اعتکاف

مزید :

صفحہ اول -