سری نگر، بھارتی فوجیوں نے نہتے نوجوان کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا
سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع بڈگام میں ایک کشمیری کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی سینرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے نارہ بل میں کاؤسہ کے مقام پر معراج الدین شاہ نامی ایک شخص کو اس وقت گولیاں ما رکر شدید زخمی کر دیا جب وہ اپنی گاڑی میں جار ہا تھا۔ زخمی شخص سرینگر کے’ایس ایچ ایم ایس‘ ہسپتال منتقلی کے دوران راستے میں دم توڑ گیا۔ شہید ہونے والا شخص مکہامہ بڈگام کا رہائشی تھا۔قابض انتظامیہ نے واقعے کے بعد ضلع بڈگام میں ٹو جی موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔ یاد رہے کہ مقبوضہ وادی میں تیز رفتار فور جی انٹرنیٹ سروس گزشتہ برس پانچ اگست سے معطل ہے۔ دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ، ہندواڑہ، سوپور، زینہ گیر، حاجن، رفیع آباد، پٹن، سونہ واری، بڈگام، کنگن، بیج بہاڑہ، شوپیاں، ترال، اونتی پورہ، شوپیاں، کولگام، قاضی گنڈ، کستی گرہ ڈوڈہ، کشتواڑؑ، سامبا، کٹھوعہ، راجوری، پونچھ اور دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کاروائیوں مسلسل جاری رکھی ہوئی ہیں جسکی وجہ سے ان علاقوں کے رہائشیوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
نوجوان شہید