کاروبار کرنیکیلئے تاجر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، صوبائی وزیر صنعت

کاروبار کرنیکیلئے تاجر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، صوبائی وزیر صنعت

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے انارکلی بازار،اچھرہ بازار اور دیگر مارکیٹوں کا دورہ کیا اور مارکیٹوں میں طے کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ اے ڈی سی آر اصغر جوئیہ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ میاں اسلم اقبال نے مارکیٹوں میں ایس او اپیز پر عمل درآمد نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دکانداروں کو سخت وارننگ دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ تاجر برادری نے ایس او پیز پر عمل درآمد کا وعدہ کیا تھا لیکن مارکیٹوں میں صورتحال اس کے بر عکس نظر آ رہی ہے۔ میں نے آج مختلف بازاروں کا دورہ کیا ہے۔ یہاں پر ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جا رہا جو قابل افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کے ساتھ طے ہوا تھا کہ مارکیٹوں میں بچوں کے داخلے پر ممانعت ہو گی۔ لیکن مارکیٹوں میں بچوں کی بڑی تعداد نظر آرہی ہے۔ دکانداروں کے علاوہ خریدار بھی ماسک کے بغیر آ رہے ہیں جو خطرناک ہے۔اگر یہی صورتحال رہی تو پھر اوقات کار میں کمی اور مارکیٹوں کو بند بھی کیا جا سکتا ہے۔اس حوالے سے جلد فیصلہ کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت کے ساتھ تاجروں کو بھی ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاپنگ مالز کے حوالے سے پالیسی بنا رہے ہیں، جلد اچھی خبر ملے گی۔انہوں نے کہا کہ انارکلی بازار میں پارکنگ کے مسئلہ کے حل کیلئے جلد لائحہ عمل بنائیں گے۔ صوبائی وزیر نے دکانداروں اور شہریوں میں ماسکس بھی تقسیم کئے۔

مزید :

کامرس -