مینو فیکچررز کا پنجاب فوڈ اتھارٹی کیساتھ رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے: ڈی جی

مینو فیکچررز کا پنجاب فوڈ اتھارٹی کیساتھ رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے: ڈی جی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن نے کہا ہے کہ تمام مصنوعات کے مینوفیکچررز کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے، اس کا مقصد عوام الناس کو معیاری مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ نائب صدر میاں زاہدجاوید احمداور لاہور سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ سپر سٹورز کا کام مصنوعات کو رجسٹرڈ کروانا نہیں، وہ فوڈ اتھارٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ مصنوعات پر مینوفیکچررز کی تفصیلات اور ایکسپائری ڈیٹ وغیرہ کے بغیر مصنوعات فروخت نہ کریں تاکہ ملاوٹ اور جعلسازی کا خاتمہ ہوسکے، وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو رجسٹرڈ پراڈکٹس کی لسٹ دیں تاکہ اتھارٹی کو آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل پاس ہونے والے ایک قانون کے تحت کھلی چیزیں فروخت کرنے پر پابندی عائد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پاس لاہور میں صرف دس ٹیمیں ہیں جو روزانہ اوسطا بارہ سے پندرہ مارکیٹ وزٹ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 90فیصد لوگوں کو پہلی مرتبہ وارننگ دیکر معاملات درست کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکساپرڈ مصنوعات فروخت کرنے والوں سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی مینوفیکچررز کو باقاعدہ آگاہ کررہی ہے کہ وہ اپنی تمام مصنوعات پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ کروائیں۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی تاجر برادری کے ساتھ مل کر ضابطہ اخلاق اور قانونی تقاضوں پر عمل درآمد کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کرے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری ساکھ بنانے میں دہائیاں صرف ہوتی ہیں جبکہ خراب ہونے میں تھوڑی ہی دیر لگتی ہے لہذا پنجاب فوڈ اتھارٹی اس پہلوکو خاص طور پر مدنظر رکھے۔ لاہور سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ کسی شکایت کی صورت میں سٹور براہ راست سیل کرنے کے بجائے پہلے وارننگ اور درستگی کا موقع دیا جائے، پنجاب فوڈ اتھارٹی ایسوسی ایشن کے ساتھ تعاون کرے تو اس کا مشن آگے بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
، سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن اپنے تمام سپلائرز سے درخواست کرے گی کہ وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ساتھ رجسٹرڈ ہوں مگر اس کے لیے انہیں وقت دیا جائے۔ سپر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں میں مردان علی زیدی، محمد عمران سلیمی، عزیز اقبال، محمد رضوان، کاشف افضال و دیگر شامل تھے۔

مزید :

کامرس -