حیدر آباد، موجودہ حالات میں سماجی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے: ڈپٹی کمشنر

  حیدر آباد، موجودہ حالات میں سماجی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے: ڈپٹی ...

  

حیدرآباد(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے کہا ہے کہ مشکل کی ہر گھڑی میں ملک کے سماجی اداروں نے ہمیشہ ارض پاک کے عوام کو ہر ممکن اور فوری مدد فراہم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، اور موجودہ صورتحال میں بھی سماجی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں شہباز ہال حیدرآباد میں مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ڈی سی فواد سومرو نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کا خطرہ دن بدن بڑھتا جا رہا جس سے بچاو کا صرف ایک ہی حل ہے کہ ہم اپنے شہر کے لوگوں کو ماسک پہننے، سینٹائیزر کا استعمال کرنے, سماجی فاصلہ اختیار کرنے اور ہاتھوں کو بار بار 20 سیکنڈ تک اچھی طرح سے دھونے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق مکمل اور جامع معلومات فراہم کریں۔ ڈی سی حیدرآباد نے مزید کہا کہ سماجی ادارے اپنی استطاعت کے مطابق رضاکارانہ طور پر لوگوں میں ماسک اور سینٹائزر کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ ہم بحیثیت قوم موجودہ صورتحال کا مقابلہ کر سکیں، انہوں نے کہا کہ اس وائرس کا واحد علاج ”محدود رہیں اور محفوظ رہیں ہے“۔انہوں نے سماجی اداروں کو مزید ہدایت کی کہ وہ شہر کے ہر گلی کوچے، محلے اور گھروں تک کرونا وائرس سے متعلق لوگوں میں شعور بیدار کریں۔ اس موقع پر یوتھ ویلفیئر سوسائٹی حیدرآباد، ایس پی او اور دیگر سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سماجی تنظیمیں اپنے رضاکاروں کے ہمراہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں گی انہوں نے کہا کہ میگا فونز کے ذریعے کاروباری مارکیٹس میں آگاہی پیغام کو فروغ دیا جائے گا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -