صوبائی سیکرٹری زکوٰۃ وعشر کا دورہ بہاولپور‘ ڈپٹی کمشنر کی مختلف امور پر بریفنگ
بہاول پور(بیورورپورٹ‘ڈسٹرکٹ رپورٹر‘ نامہ نگار )صوبائی سیکرٹری زکوٰۃو عشر عالمگیر احمد خاں نے ضلع بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے کئے گئے انسدادی و آپریشنل اقدامات، مریضوں کے علاج معالجہ، انسداد ڈینگی، انسداد ٹڈی دل، گندم خریداری مہم اور پرائس کنٹرول و سپلائی چین مینجمنٹ کے حوالہ سے(بقیہ نمبر34صفحہ7پر)
کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر شوزب سعید نے دوران اجلاس صوبائی سیکرٹری کو بریفنگ میں بتایا کہ ضلع بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 2094مشتبہ کیسز(Suspected) سامنے آئے جن میں سے 123کورونا پازیٹیو جبکہ 1714کیسز کے رزلٹ نیگیٹیو آئے اور 257کورونا کیسز کے رزلٹ ابھی لیبارٹری سے آنے ہیں جبکہ 70مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں اور 49مریض ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ ایک مریض وفات پا گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ان کے دفتر میں کورونا کرائسز مینجمنٹ سیل قائم ہے۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے دفتر میں بھی کورونا کنٹرول روم فعال ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بہاول پور میں بائیو سیفٹی لیول IIIلیب فنکشنل ہے۔انہوں نے بتایا کہ بہاول پورمیں سول ہسپتال کے قریب کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے 100بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال قائم کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی مہم کے بارے میں بریف کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کا کوئی مریض نہ ہے۔ڈینگی سے بچاؤ اور اس کے انسداد کے لئے مہم جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ انڈور اور آؤٹ ڈور ڈینگی ویکٹر سرویلنس جاری ہے۔ضلع بھر میں ڈینگی کے حوالہ سے 1746ہاٹ سپاٹس ہیں جن میں سے اب تک 1723ہاٹ سپاٹس کی سرویلنس کی جا چکی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں گندم خریداری کا ہدف وقت سے پہلے ہی حاصل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امسال ضلع بھر میں گندم خریداری کا ہدف 3لاکھ 17ہزار461میٹرک ٹن مقرر کیا گیا تھاجبکہ اب تک 3لاکھ 28ہزار 397میٹرک ٹن گندم خریدی جا چکی ہے اور خریداری کا عمل جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد ٹڈی دل مہم کے حوالہ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے ضلع بھر میں سرویلنس جاری ہے۔چولستان سے ملحقہ علاقے کی 21یونین کونسلوں میں 21فیلڈ ٹیمیں فعال کی گئی ہیں تاکہ ٹڈی دل کا فوری خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ محکمہ زراعت توسیع اور پیسٹ وارننگ محکمہ فعال انداز میں کام کر رہا ہے اور ضلع کی تمام یونین کونسلوں میں فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں۔ صوبائی سیکرٹری زکوٰۃ و عشر عالمگیر احمد خاں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور یگر اداروں کی جانب سے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے کئے گئے اقدامات اور متاثرہ افراد کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے گندم خریداری کا مقررہ ہدف وقت سے قبل حاصل کرنے پر ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ صارفین ریلیف حاصل کر سکیں۔انہوں نے انسداد ڈینگی اور ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اورہدایت کی کہ سرویلنس کا عمل جاری رکھا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر رانا محمد یوسف، فوکل پرسن ڈاکٹر راؤ محمد ذاکر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حافظ محمد شفیق، ڈی ایچ او، انچارج بائیو سیفٹی لیولIII، انچارج سسٹم نیٹ ورک عظیم ذیشان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
بریفنگ