نجی سکولز مالکان کی طرف سے 15جولائی تک سکولز بندکرنے کا فیصلہ مسترد

  نجی سکولز مالکان کی طرف سے 15جولائی تک سکولز بندکرنے کا فیصلہ مسترد

  

مردان(بیورورپورٹ) پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے15جولائی تک تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے تعلیم دشمن فیصلہ قرار دیا ہے، نجی اداروں کے لئے خصوصی پیکج دینے اورتین سال کے لئے ہرقسم ٹیکس معاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ یکم جون سے تمام نجی تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کے مطابق کھولنے کی اجازت دی جائے،سکول نہ کھولنے کی صورت میں نجی تعلیمی اداروں کے معاشی مسائل کے پیش نظر طلبہ و طالبات کی 4 ماہ کی ٹیوشن فیس ادا کیاجائے تاکہ سکول اپنے ٹیچنگ و نان ٹیچنگ سٹاف کی تنخواہیں، بلڈنگ کا کرایہ'یوٹیلیٹی بلز اور دیگر اخراجات پورے کر سکیں اس حوالے سے پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن(PSMA) کے قائم مقام صدر تاج ملوک،سینئر نائب صدر سید ندیم شاہ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری افتخار خان اوررستم کے صدرحیدرعلی نے مردان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وباء کے بعد نجی تعلیمی ادارے وینٹی لیٹرز پر ہیں مردان میں چھ سو تعلیمی اداروں کے چھ ہزارسے زائد ملازمین فاقوں پر مجبورہوچکے ہیں انہوں نے کہاکہ حکومت نے تعمیراتی سیکٹر کے لئے اربوں کا پیکج دیاہے تاہم قوم بنانے والے اداروں کے لئے کچھ نہیں کیا جو سراسر ناانصافی ہے ایسوسی ایشن اس حوالے سے ہائی کورٹ میں رٹ دائر کرے گی انہوں نے نجی تعلیمی اداروں کو ہر قسم کے ٹیکس بشمول ایف بی آر ٹیکس سے تین سال کے لیے مستثنیٰ قرار دینے کا بھی مطالبہ کیاایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بورڈ امتحانات کی منسوخی پر تحفظات کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ کمپوزٹ امتحان اورپیپر پیٹرن میں تبدیلی کسی صورت منظورنہیں انہوں نے کہاکہ امتحانات کے حوالے سے والدین اور لاکھوں طلباء و طالبات کو ذہنی کوفت سے نکالنے کیلئے حکومت ٹھوس پالیسی مرتب کرے انہوں نے کہاکہ زیادہ تر نجی تعلیمی ادارے کرایوں کے بلڈنگ میں قائم ہیں حکومت ان کے مالکان کو احکامات دیں کہ وہ وباء سے پیداشدہ صورتحال کے تناظر میں سکولوں کو تنگ نہ کیاجائے ”پسما“ کے عہدیداروں نے کہاکہ دھمکی دی کہ اگر یکم جون تک ایس اوپیز کے مطابق کھولنے کی اجازت نہ دی گئی تو وہ مجبور ہوکر اپنے اداوروں کو مستقل تالے لگانے پر مجبورہوجائیں گے اور چابیاں ڈپٹی کمشنر کے حوالہ کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -