متھرا پولیس کی کارروائی‘ مشہور منشیات فروش پولیس مقابلے کے بعد گرفتار
پشاور(کرا ئم رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات فروش عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لاتے ہوئے متعدد کامیابیاں حاصل کیں، گزشتہ روز ہونے والی کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر لیا جن میں سے ایک ملزم کو پولیس مقابلہ کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزم نے گرفتاری سے بچنے کی خاطر پولیس پارٹی پر فائرنگ کی تھی، تینوں ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، دو کلو گرام ہیروئن اور دو کلو گرام سے زائد اعلی کوالٹی چرس بھی برآمد کر لی گئی ہے، تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس پی رورل نجم الحسنین کو اطلاع ملی تھی کہ ایک منشیات فروش اپنا مکروہ دھندا جاری رکھے ہوئے تھانہ متھرا کی حدود میں مسلح حالت میں موجود ہے جس پر ڈیس ایس پی رورل رحیم حسین خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ متھرا حسن خان نے پولیس نفری کے ہمراہ فوری کارروائی کی جس کے دوران ملزم نے گرفتاری سے بچنے کی خاطر پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کی جس کو نہایت حکمت عملی کے ساتھ قابو کر کے اس کے قبضے سے ایک عدد کلاشنکوف اور ایک کلو گرام اعلی کوالٹی چرس بھی برآمد کر لی، ملزم کی شناخت خوش رنگ ولد مختیار سکنہ برج کورونہ کے نام سے ہوئی جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اسی طرح دیگر کاروائیوں کے دوران تھانہ پہاڑی پورہ اور تھانہ بڈھ بیر پولیس نے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم زبیح اللہ ولد خیر محمد سکنہ افغانستان حال پھندو چوک اور منشیات فروش رئیس خان ولد پائندہ خان سکنہ بڈھ بیر کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر ان کے قبضے سے دو کلو گرام ہیروئن اور ایک کلو گرام سے زائد چرس برآمد کر لی ہے