بیرون ملک کورونا وائرس سے پاکستانیوں کا انتقال، میتوں کے حوالے سے حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا

بیرون ملک کورونا وائرس سے پاکستانیوں کا انتقال، میتوں کے حوالے سے حکومت نے ...
بیرون ملک کورونا وائرس سے پاکستانیوں کا انتقال، میتوں کے حوالے سے حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) حکومت نے بیرون ملک کورونا سے جاں بحق افراد کی میتیں پاکستان لانے کی اجازت دے دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی ہدایت پرسول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں میت منتقلی کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کےایس او پیز پرعملدرآمد لازمی قرار دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق میت کی فضائی منتقلی کے لیے سیل کردہ تابوت لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور میت کی منتقلی پر مامور متعلقہ عملے کے لیے ڈس انفیکشن سمیت حفاظتی اقدامات بھی لازم ہوں گے۔

متعلقہ عملے کو حفاظتی سوٹ، ماسک، گلوز، عینک اور فیس شیلڈ پہننا بھی ضروری ہوگا۔نوٹیفکیشن کے تحت بیرون ملک سے میت مسافر طیارے کے کارگو یا کارگو طیارے میں لائی جاسکے گی اور میت کو پاکستان لانے سے پہلے ائیرلائن سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 48 گھنٹے پہلے آگاہ کرے گی۔

اس حوالے سی اے اے نے تمام ائیرلائنز، چارٹر فضائی کمپنیوں اورگراونڈ ہینڈلنگ اداروں کو آگاہ کردیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث انتقال کر جانے والوں کی میتوں کو پاکستان نہ لانے کی وجہ عالمی سطح پر ائیرپورٹس کی بندش ہے لیکن میتوں کو پاکستان لانے کے لیے انتظامات شروع کر رہے ہیں۔

مزید :

قومی -