پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کی طرف سے لاک ڈاﺅن کے دوران 40 ہزار لوگوں کو راشن کی فراہمی

پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کی طرف سے لاک ڈاﺅن کے دوران 40 ہزار لوگوں کو راشن کی ...
پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کی طرف سے لاک ڈاﺅن کے دوران 40 ہزار لوگوں کو راشن کی فراہمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے قائم فلاحی ادارے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے حالیہ وباءکورونا وائرس میں لاک ڈاﺅن کے دوران بھی اپنے ہم وطنوں کو تناہ نہیں چھوڑا اور ممکنہ حد تک ان کی مدد کی۔ دبئی اور امارات میں بہت سے پاکستانی ایسے تھے کہ جن کے وزٹ ویزوں کی مدت پوری ہوچکی تھی، ان کے جاب ختم ہوگئے تھے، کچھ لوگوں کو تنخواہیں نہیں ملی تھیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے گھروں کی حد تک ہی محدود تھے۔

لاک ڈاﺅن کی وجہ سے لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت بھی نہ تھی ایسے میں پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے دبئی اور دیگر ریاستوں شارجہ، عجمان، ام القیوین، العین، راس الخیمہ، خورفکان اور جبل علی میں لیبر کیمپوں میں تقریباً 40 ہزار سے زائد ضرورت مندوں کو ان کے گھر کی دہلیز تک جا کر راشن مہیا کیا گیا۔ حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی کو بھی پاکستان ایسوسی ایشن دبئی تک نہیں بلایا گیا بلکہ ڈسٹری بیوشن تنظیم نے خود جاکر ہر ایک کو راشن فراہم کیا۔ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام، ڈائریکٹر کمیونٹی ویلفیئر رضوان فینسی اور جنرل سیکرٹری محسن نے ضرورتمندوں کو اشیائے خوردونوش کی تقسیم کے بارے بتایا کہ ضرورتمندوں کو تین ہفتے سے لے کر ایک ماہ تک کا راشن دیا گیا جس میں آٹا، چاول، دودھ کا پاﺅڈر، شکر، چائے، کُکنگ آئل، نمک اور دالیں شامل تھیں۔

راشن کی فراہم کے بارے بتایا گیا کہ راشن کی فراہم کے لیے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، فلپائن، کینیا، نائیجیریا اور دیگر ممالک کے لوگوں نے رابطہ کیا اور اپنے آپ کو رواشن کی امداد کے لئے رجسٹرڈ کرایا۔ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے بھی خدمت خلق کے جذبہ کے تحت کسی بھی رنگ و نسل، قوم اور مذہب میں تفریق کئے بغیر انہیں اُن کے گھر تک راشن پہنچایا۔ راشن کی یہ فراہمی مخیرحضرات کے تعاون سے ممکن ہوئی جس پر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی مخیر حضرات اور رضاکار راشن ڈلیوری اور پیکنگ ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتی ہے۔

راشن سپلائی کے سلسلہ میں قونصلیٹ آف پاکستان دبئی نے بھی گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں جس پر انہیں بھی خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ سکول بند ہونے کی وجہ سے بہت سے طلباءطالبات کو آن لائن تعلیم کے حصول کے لیے لیپ ٹاپ بھی دئیے گئے جبکہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے دبئی میں قائم ایک کورونا سنٹر کو اپنی خدمت رضاکارانہ طور پر پیش کی ہیں جس پر پوری پاکستانی کمیونٹی کو فخر ہے اور امارات میں مقیم پوری پاکستانی کمیونٹی انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔