دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والا کھلاڑی، رونالڈو اور میسی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) ارب پتی افراد کی فہرست مرتب کرنے والے فوربز میگزین کی جانب سے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔
فہرست کے مطابق آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹ (ایم ایم اے) کے کھلاڑی کانر میگ گریگر سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے ایک سال کے دوران 180 ملین ڈالر کی رقم کمائی۔ ان کی کمائی کا بڑا حصہ وہسکی شراب فروخت کرکے حاصل ہوا۔ اس کے علاوہ انہیں رواں سال جنوری میں ہونے والی فائٹ ہارنے کے باوجود 22 ملین ڈالر کی انعامی رقم بھی ملی۔
فہرست میں دوسرے نمبر پر ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے فٹ بالر لیونل میسی ہیں جنہوں نے گزشتہ برس 130 ملین ڈالر کمائے۔ فوربز کے مطابق سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑیوں میں پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو 120 ملین ڈالر کما کر تیسرے نمبر پر ہیں۔
رگبی کے کھلاڑی ڈیک پریسکوٹ 107.5 ملین ڈالر کی کمائی کے ساتھ چوتھے، باسکٹ بال پلیئر لیبرون جیمز 96.5 ملین ڈالر کی کمائی کرکے پانچویں، فٹبالر نیمار 95 ملین ڈالر کی کمائی کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔
سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سوئٹزرلینڈ کے ٹینس پلیئر راجر فیڈرر کا ساتواں نمبر ہے، انہوں نے ایک سال میں 90 ملین ڈالر کمائے۔ کار ریسنگ ڈرائیور 82 ملین ڈالر کے ساتھ آٹھویں، رگبی پلیئر ٹام بریڈی 76 ملین ڈالر کے ساتھ نویں اور باسکٹ بال پلیئر کیون ڈیورنٹ 75 ملین کے ساتھ دنیا کے دسویں سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی ہیں۔