فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ' 4 ہزار مردہ مرغیاں برآمد 

فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ' 4 ہزار مردہ مرغیاں برآمد 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے علاقے چارسدہ روڈ کے قریب کاروائی کرتے ہوئے چکن شاپس سے 4500 سے زائد مردہ مرغیاں برآمد کرلی۔ مردہ مرغیوں کو مارکیٹ میں سپلائی کرنے کے لئے ذبح کرکے صاف کیا جارہا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق کریک ڈان کے دوران تین دکانوں کو سیل کر دیے گئے، جبکہ چار افراد کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔  مردہ مرغیوں کا گوشت ذبح کرنے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا، فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق اسے واقعات کی روک تھام کے لئے معاملہ کی مزید چھان بین کی جائیگی۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق شہریوں تک معیاری، محفوظ اور حلال مرغیوں کا گوشت فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔  مردہ مرغیاں ذبح کرکے مارکیٹ میں سپلائی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی، برآمد کی گئی مردہ مرغیوں کو تلف کردیا گیا۔  پشاور کے علاوہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے صوبے کے دیگر مختلف اضلاع میں بھی خوراک سے وابستہ کاروباروں معائنہ کیا۔ ترجمان کے مطابق، فوڈ سیفٹی ٹیم نے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے ضلع سوات کی تحصیل مٹہ اور بابوزئی میں دودھ اور مشروبات کے نمونوں کی جانچ کی اور  مختلف ڈیری شاپس سے 100 لیٹر سے 
زائد ملاوٹ شدہ اور ناقص دودھ تلف کردیا۔اسی طرح مختلف ہوٹلوں میں خوردنی تیل کے نمونوں کی بھی جانچ کی گئی اور معائنہ کے دوران ناقص تیل کو ضائع کر دیا گیا۔ نوشہرہ روڈ اور مین چارسدہ شہر میں بھی ہوٹلوں، ڈیری شاپس، جنرل سٹورز اور چپس کے کارخانوں کا معائنہ کیا گیا۔ دوران معائنہ متعدد دکانوں سے ممنوعہ انرجی ڈرنکس برآمد ہوئی جس پر دکانوں کے مالکان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔