صوبائی وزیر قانون فضل شکور خان کے زیر صدارت اجلاس کاانعقاد

صوبائی وزیر قانون فضل شکور خان کے زیر صدارت اجلاس کاانعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر قانون فضل شکور خان کی زیر صدارت ملاکنڈ لیویز کی پولیس میں انضمام بارے قائم کردہ صوبائی کابینہ کی سب کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شکیل احمد خان، سیکرٹری ہوم خوشحال خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکریٹری ہوم اور متعلقہ افسران نے کمیٹی کو بریفنگ دی اور انضمام کے تمام امور کا جائزہ لیا گیا۔ جس میں مختلف تجاویز زیر غور لائی گئیں۔ صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شکیل خان نے کمیٹی کو بتایا کہ ملاکنڈ لیویز میں زیادہ تر نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور ان کی ترقیاں متاثر ہورہی ہیں اسلئے ان کو آپشن دیا جائے کہ وہ لیویز میں رہیں یا پھر پولیس میں ضم ہو جائیں۔ اسی طرح ملاکنڈ میں تفتیش کا عملہ بھی کمزور ہے جس کی وجہ سے جرائم کی روک تھام کے مسائل ہیں لہذا ملاکنڈ میں ایس پی انوسٹی گیشن کی تعیناتی جلد از جلد عمل میں لائی جائے۔ تاکہ ان مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بہت قربانیاں دیکر  پورے صوبے میں امن قائم کیاہے۔ اور ضلع ملاکنڈ میں دہشت گردی اور اس قسم کے دوسرے عوامل پر قابو پانے کے لیے ضلع ملاکنڈ میں سی ٹی ڈی پولیس کی تعیناتی بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر شکیل احمد خان نے مزید کہا کہ ملاکنڈ لیویز اور پولیس کی تنخواہیں تقریبا برابر ہیں اس لئے انضمام کی صورت میں کوئی اضافی خرچ بھی نہیں آئے گا۔ سیکرٹری ہوم خوشحال خان اور سب کمیٹی کے تمام اراکین نے صوبائی وزیر شکیل خان کی تجاویز سے اتفاق کیا اور عندیہ دیا کہ ملاکنڈ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے لیے مرحلہ وار طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر قانون اور سب کمیٹی کے چیئرمین فضل شکور خان نے تمام تجاویز اور امور کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ ملاکنڈ لیویز کے پولیس میں انضمام بارے حتمی فیصلہ اگلے اجلاس میں کیا جائے گا۔ اور حکام کو ہدایت دی کہ اگلے اجلاس میں تجاویز کوحتمی شکل دیں جن کی باقاعدہ منظوری اگلے اجلاس میں دی جائے گی۔