اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی کارروائیاں، سرکاری ملازمین سمیت 3افراد گرفتار 

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی کارروائیاں، سرکاری ملازمین سمیت 3افراد ...

  

لاہور (سپیشل رپورٹر)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے راولپنڈی، مظفر گڑھ اور کوٹ ادو میں کارروائیوں کے دوران سرکاری ملازمین سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق اینٹی کرپشن نے راولپنڈی سے پٹواری ساجد محمود کو رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور کارروائی کے دوران رشوت کے نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کئے گئے۔ ملزم نے محکمہ مال کے ریکارڈ میں درستگی کیلئے شہری سے 50 ہزار روپے رشوت وصول کی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ کوٹ ادو میں اینٹی کرپشن نے سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کرنے کے الزم میں افسران کے جعلی دستخط کے ماہر شخص کو گرفتار کیا۔ ملزم عبدالرزاق کے قبضے سے جعلی مہریں، سرکاری دستاویزات، روزنامچہ واقعاتی کے اوراق بھی برآمد کئے گئے۔ عبدالرزاق پٹواری کا منشی ہے جو عرصہ 30 سال سے پٹوار خانہ سے منسلک ہے۔ملزم عبدالرزاق کی مدد سے مقدمہ میں نامزد ایک اور ملزم نو دراز خان نے شہری کی 96 مرلہ وراثتی زمین کا جعلی انتقال اپنے نام درج کروایا جسے پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ مظفر گڑھ سے 135 کنال زمین دھوکا دہی سے حاصل کرنے کے مقدمہ میں نامزد اشتہاری ملزم کو 13 سال بعد گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کو مقدمہ کی پیروی نہ کرنے پر 2009 میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا جبکہ مقدمہ میں نامزد پٹواری عبدالجبار کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔  ملزم محمد صادق نے پٹواری عبدالجبار کی ملی بھگت سے فوت شدگان کو زندہ ظاہر کرکے انکی زمین اپنے نام منتقل کروائی۔

اینٹی کرپشن 

مزید :

صفحہ آخر -