منہاج یونیورسٹی میں میری ٹائم انوویشن اینڈ لرننگ کے موضوع پرسیمینار

منہاج یونیورسٹی میں میری ٹائم انوویشن اینڈ لرننگ کے موضوع پرسیمینار

  

لاہور (پ ر)منہاج یونیورسٹی لاہور میں سنٹر آف ریسرچ اینڈ انوویشن ان میری ٹائم افیئرز (CRIMA)  کے زیر اہتمام گزشتہ روزمیری ٹائم (انوویشن اینڈ لرننگ)کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں سمندری امور کے شعبے میں لکھی گئی شہرہ آفاق کتاب "بلیو اکانومی  " کے مصنف، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد،کموڈور(ر)محمد سہیل اور نامور آرٹسٹ ڈاکٹر جویریہ نباہت امین نے شرکت کی۔ وائس چانسلرمنہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے سیمینار میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ عزوجل نے کرہ ارض پربنی نوع انسان کوسمندروں کی شکل میں ایک عظیم تحفے سے نوازا ہے جس میں ان گنت خزانے چھپے ہوئے ہیں۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ پاکستان کا سمندری تجارتی راستہ ملکی معاشی ترقی میں 66.5 بلین ڈالر کا شراکت دار ہے جو کہ پاکستان کے جی ڈی پی کا 31 فیصد ہے۔ صرف مچھلی اور سمندری خوراک کی صنعت سے پاکستان میں 1.2 بلین ڈالر سے زائد کی آمدنی کے مواقع موجود ہیں۔کموڈو(ر) محمد سہیل نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے پاکستان میں سمندری وسائل کی اہمیت اور حفاظت کو نظر انداز کرتے ہوئے ٹنوں کے حساب سے صنعتی فضلہ سمندر میں پھینکا جا رہا ہے جس سے نہ صرف سمندری آلودگی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ اس سے سمندری حیات کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ تقریب میں سنٹر آف ریسرچ اینڈ انوویشن ان میری ٹائم افیئرز (CRIMA)  کے ڈائریکٹرڈاکٹر محمد اشفاق،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عظمیٰ ناز،میمونہ کنول،سیکرٹری سیکرز کلب عمارہ مقصود قادری اورمنہاج یونیورسٹی لاہور کے مختلف تعلیمی شعبہ جات کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -