مفادپر ستوں نے ملک تباہ کردیا، تینوں جماعتیں اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف: سراج الحق
لاہور(جنرل رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مفاد پرستوں نے ملک تباہ کر دیا۔ تینوں جماعتیں اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف، عوام کے مسائل سے لاپروا ہیں۔ سالہاسال حکومت میں رہنے کے باوجود جاگیرداروں، وڈیروں اور استعمار کے وفاداروں نے ملک کی بہتری کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ن لیگ، پی پی پی اور پی ٹی آئی اپنی کارکردگی بتائیں۔ سودی معیشت نے انسانیت کو غلام بنایا ہوا ہے۔ ملک قرضوں کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے۔ بجٹ کا نصف سود سمیت قرضوں کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے۔ حکمران اب تک لیے جانے والے قرضوں کا حساب دیں۔ حکومت سودی معیشت کے خاتمے کا روڈ میپ دے۔ بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ الیکشن ریفارمز کے فوری بعد انتخابات کا انعقاد ہے۔ ملک میں غیر یقینی صورت حال کی وجہ سے سرمایہ کاری رک گئی۔ معیشت میں بہتری لانے کے لیے اسلامی ماڈل اپنانا ہو گا۔ حکومت مہنگائی کم کرے۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور پٹرول کی قیمتیں بڑھائی گئیں تو ملک گیر احتجاج کریں گے۔ملک میں انگریزوں کا دیا گیا نظام چل رہا ہے۔ 75برس گزر گئے، پاکستان کو اسلامی نظام نہیں ملا۔ ملک کی بنیاد کلمہ طیبہ پرہوئی، سازش کے ذریعے قوم کو اسلامی نظام سے محروم رکھا گیا۔ جماعت اسلامی قوم کو باور کرانا چاہتی ہے کہ آزمائے ہوئے چہروں پر مزید اعتماد نہ کرے۔ مافیاز کو حکومتوں میں لانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ملک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے قرآن و سنت کا نظام لانا ہو گا۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد ملک کو اسلام کا گہوارہ بنانا ہے، قوم اعتماد کرے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ اور فاضلین مدارس دینیہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سراج الحق