آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا : حمزہ شہباز

   آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا : حمزہ شہباز

  

       لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز صوبے کے عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے متحرک ہو گئے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمز ہ شہباز نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے خود اضلاع کے سرپرائز وزٹ کا فیصلہ کیا ہے اور چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی فیلڈ کے دوروں کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ آفس میں چیف منسٹر پرائس کنٹرول سیل قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دے کر ازسر نو فعال کر دیا گیا ہے۔ فوکل پرسن عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر یقینی بنانے میں متحرک کردار کریں گے۔گھی،آٹے،چینی،چکن اوردیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان پر عملدرآمد ہو گا۔آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ مہنگائی کی جو بھی وجہ ہو، مجھے پریشان عوام کو ریلیف دینا ہے اور غیر معمولی حالات فوری اقدامات کے متقاضی ہیں۔ عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدار ت ماڈل ٹاو¿ن میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری صنعت نے اشیاءضروریہ کی قیمتوں کے بارے بریفنگ دی۔ اراکین پنجاب اسمبلی سردار اویس لغاری، چوہدری محمد اقبال، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی، ذیشان رفیق، ٹکٹ ہولڈر حافظ محمد نعمان، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کے انتقال پر دلی دکھ اورافسوس کااظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہبازنے اپنے تعزیتی پیغام میں متحدہ عرب امارات کی حکومت اورعوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کے انتقال سے دلی صدمہ ہوا ہے۔شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان مرحوم کے انتقال سے پاکستان ایک مخلص دوست سے محروم ہوگیا ہے۔ شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان مرحوم کی انسانیت کیلئے گراں قدرخدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ حمزہ شہباز نے گوجرانوالہ کے قریب کوٹ لدھا میں ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کمشنر گوجرانوالہ اور آرپی اوگوجرانوالہ سے حادثے کے بارے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ذمہ دار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا ہے۔

حمزہ شہباز

مزید :

صفحہ اول -