بارودی مواد  رکھنے والے شخص کی  سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی 

  بارودی مواد  رکھنے والے شخص کی  سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی 

  

کراچی (سٹاف رپورٹر) شہر قائد میں صدر کے علاقے میں ہونے والے دھماکے میں بارودی مواد سے بھری سائیکل روڈ پر جس شخص نے رکھی تھی اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی صدر دھماکے کی ایک ایسی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں پینٹ شرٹ پہنے ایک شخص کو دیکھا جا سکتا ہے، یہی شخص تھا جو پیدل سڑک پر سائیکل لا کر چھوڑ گیا تھا۔سائیکل کے کیریئر پر شاپنگ بیگ میں مبینہ طور پر بارودی مواد موجود تھا، مشتبہ شخص نے دھماکے کے مقام پر سائیکل رکھی اور چلا گیا، سائیکل کو دھماکے سے تقریبا آدھے گھنٹے پہلے کھڑا کیا گیا تھا۔ویڈیو کے مطابق سائیکل کھڑی کرنے والا شخص بظاہر ادھیڑ عمر ہے۔دوسری جانب تفتیشی حکام نے ایک اور مبینہ مشتبہ شخص کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے، جس میں مشتبہ شخص کو ہوٹل کی بینچ پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے، جس نے کالے رنگ کے کپڑے پہنے تھے۔فوٹیج کے مطابق مبینہ مشتبہ شخص نے جیب میں ہاتھ ڈالا اور سڑک کی جانب دیکھا، پھر اچانک سے زور دار دھماکا ہوا اور بھگدڑ مچ گئی، اس فوٹیج میں مبینہ مشتبہ شخص کو بھی دیگر لوگوں کے ساتھ بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -