متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان انتقال کر گئے، یو اے ای میں 40روز سوگ کا اعلان 

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان انتقال کر گئے، یو اے ای میں ...

  

       ابو ظہبی،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیا ن 73سال کی عمر میں انتقال کرگئے، متحدہ عرب امارات کا چالیس روز سوگ کا اعلان کر دیا گیا، تفصیلات کے مطابق جمعہ کو اماراتی صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیا ن 73سال کی عمر میں انتقال کرگئے،شیخ خلیفہ بن زید النہیان 1948ء میں پیدا ہوئے،وہ 3نومبر 2004ء سے متحدہ عرب امارات کے حکمران تھے،شیخ خلیفہ متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر اور شیخ زید کے سب سے بڑے بیٹے تھے،شیخ خلیفہ نے متحدہ عرب امارات کیلئے پہلا سٹرٹیجک منصوبہ بنایا،شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کے دور حکومت میں متحدہ عرب امارات نے تیز رفتار ترقی دیکھی،شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کردار ادا کیا۔ دوسری جانب صدرمملکت عارف علوی،وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر اظہار افسوس کیاہے،اپنے تعزیتی پیغام میں صدر مملکت عارف علوی نے تعزیتی بیان میں صدر مملکت کی مرحوم کیلئے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ  دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم متحدہ  عرب امارات کے غم میں برابر کی شریک ہے،شہباز شریف نے کہا ہے کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال کا سن کر انتہائی غم و رنج ہوا، پاکستان ایک بصیرت والے رہنما اور عظیم دوست سے محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں یو اے ای کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے محروم کیلئے جنت الفردوس میں  اعلی مقام کی دعا کی۔ وزیرخارجہ بلاول نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا امیرِ دبئی شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا متحدہ عرب امارات کی ترقی میں مثالی کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال سے خطہ عرب ایک غیرمعمولی حکمران سے محروم ہوگیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فوج نے یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر دلی طور پر اظہار افسوس کیا ہے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا ہے۔ آرمی چیف نے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطاء کرے۔آمین۔سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان پاکستان کے عظیم دوست تھے۔ چودھری شجاعت اور پرویزالٰہی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جدید ترقی میں ان کا بڑا اہم کردار تھا، یو اے ای ایک عظیم فرمانروا سے محروم ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم شاہی خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان پاکستان سے گہری وابستگی رکھتے تھے اور انہوں نے ہمیشہ ہر فورم پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے اپنے ملک کے عوام کے لئے باوقار زندگی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا، وفاقی وزیر اطلاعات  نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے دور میں متحدہ عرب امارات نے تیز رفتار ترقی کی، مرحوم نے اپنے ملک کے لئے پہلا اسٹرٹیجک منصوبہ بنایا، شیخ  خلیفہ بن زید النہیان عالم اسلام میں ایک مضبوط آواز رکھتے تھے۔

شیخ خلیفہ بن زید

مزید :

صفحہ اول -