وینز گروپ کی جانب سے ماہرین تعلیم کے اعزاز میں استقبالیہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وینز گروپ نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے وائس چانسلرز اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ سے وابستہ نمایاں افراد کے اعزاز میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا جس کا مقصد شرکاء کو امریکہ میں پاکستان سرمایہ کاری کانفرنس اور پاک ٹیک ایکسپو کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا جو کہ سلیکون ویلی کیلیفورنیا امریکہ میں منعقد کی جارہی ہے۔ وانز کے وائس چیئرمین اشفاق احمد نے اپنے خطاب میں تقریب کی اہمیت اورکانفرنس کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اوپن ایس وی کے تعاون سے کیلیفورنیا میں 14-15 مئی کو منعقد ہونے والے بوٹ کیمپ اور انویسٹ ان پاکستان کانفرنس میں ایک اعلیٰ سطحی وفد شرکت کرے گا۔ پاک ٹیک ایکسپو کے تمام انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں جو ستمبر 2022 کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہو گی۔واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اس قسم کی ایکسپو سلیکون ویلی میں منعقد ہو رہی ہے۔تقریب سے امریکی قونصلیٹ کراچی کی اقتصادی مشیر مہرین غیاث، فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اور وانز گروپ کے سینئر وائس چیئرمین داروخان اچکزئی، وانز گروپ کے صدر اور این بی آئی اے میڈیا کے چیف ایڈیٹر امین یوسف، سی ای او وانز ٹیکنالوجی سید امین اللہ حسینی، کراچی یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین ڈاکٹر ندیم محمود،سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلرولی الدین، سی بی ایم یونیورسٹی کے عمران بٹاٹا، عثمان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے شعیب احمد، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نعمان احسن نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور صرف ان نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ کام وینز گروپ نے شروع کیا جو کہ قابل تعریف ہے، وینز گروپ نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بیرون ملک بھی ہر سطح پر باصلاحیت نوجوانوں کو متعارف کرا رہا ہے۔تقریب میں سرمایہ کاری بورڈبلوچستان اور دیگر اداروں کے نمائندے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔