ملک کو موجودہ حالات میں سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف 

ملک کو موجودہ حالات میں سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ایبٹ آباد (بیورورپورٹ)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ حالات میں سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس سیاسی ابتری کا واحد حل فوری انتخابات ہیں۔ وفاق اور صوبے میں الگ الگ جماعتوں کی حکومت سے صوبے کے لیے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ وفاق خیبر پختونخوا کے واجبات کی ادائیگی میں لیت ولعل سے کام لے رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ای سی سی کے اجلاس میں ہمیشہ تاخیر رہی ہے۔خدشہ ہے ضم اضلاع اور خیبرپختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں پر کٹ لگایا جائے گا جبکہ بجٹ میں بھی صوبائی حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایبٹ آباد میڈیا کالونی کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔ پشاور کے بعد ایبٹ آباد صوبہ کا دوسرا بڑا شہر ہے۔ ایبٹ آباد پریس کلب کو سالانہ گرانٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ خیبر پختونخوا حکومت صوبہ کے دوسرے اضلاع میں بھی پریس کلبز کی سرپرستی کر رہی ہے۔ صحافیوں کے پیشہ وارانہ امور میں بہتری کے لئے پریس کلبز کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ مشترکہ کوششوں سے ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر سردار نوید عالم کی سربراہی میں ان سے ملاقات کرنے والے صحافیوں کے ایک وفد سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات ہزارہ ڈویژن گل کریم، جنرل سیکرٹری ایبٹ آباد پریس کلب سردار شفیق احمد، سردار عالم، صدر ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس راجہ محمد ہارون، سابق صدر محمد عامر شہزاد جدون، اسسٹنٹ سیکرٹری ایبٹ آباد پریس کلب دلدار احمد ستی کے علاوہ پریس کلب کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا حکومت کی کارکردگی پر مثبت تنقید میڈیا کا بنیادی حق ہے۔حکومت اور پریس کلبز کے مابین اچھے تعلقات رہنے چائیں۔ جمہوریت کی بقاء اور عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت اور میڈیا کا آپس میں تعلق لازم و ملزوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد پریس کلب نے ممبران کے لئے لائف انشورنس کا جو اقدام اٹھایا ہے وہ قابل تعریف اور قابل تقلید ہے۔ صوبائی حکومت صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیتی پروگرام کا فیصلہ کر رہی ہے۔ جس میں محکمہ اطلاعات کے عملہ کی بھی تربیت ہوگی۔بیرسٹر محمد علی سیف کا کہناتھا موجودہ دور میں سوشل میڈیا دیگر ذرائع ابلاغ پر غلبہ حاصل کر رہا ہے اور اسے صحافت کے لیے استعمال کرنے والوں کو بھی تربیت دینے کی ضرورت ہے۔اس سلسلہ میں صحافی برادری کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کو جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔ سیاسی چیلنجز کا مقابلہ آئینی اور قانونی طریقہ سے کریں گے۔مرکزکی جانب سے صوبائی اسمبلی کو توڑنے کی خواہش پوری نہیں ہونے دینگے۔قبل ازیں صدر ایبٹ آباد پریس کلب سردار نوید عالم نے صوبائی معاون اطلاعات کو پریس کلب کی جانب سے صحافیوں کے لئے اٹھائے جانے والے فلاح وبہبود کے اقدامات کے حوالہ سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ایبٹ آباد پریس کلب نے ممبران کو عمرہ،لیب ٹاپ،موٹر سائیکل،لائف انشورنس سمیت دیگر سہولیات فراہم کیں ہیں۔صوبائی حکومت کی جانب سے میڈیا کالونی کی فراہمی اور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ کی ادائیگی کو یقینی بنانے اور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی استدعا کی۔ معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ایبٹ آباد پریس کلب کابینہ کی ایک سال کی توسیع پر صدر، جنرل سیکرٹری اور کابینہ ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -