ہیٹ ویو، بھارت میں ہزاروں پرندے بے سدھ ہو کر زمین پر گرنے لگے

ہیٹ ویو، بھارت میں ہزاروں پرندے بے سدھ ہو کر زمین پر گرنے لگے
ہیٹ ویو، بھارت میں ہزاروں پرندے بے سدھ ہو کر زمین پر گرنے لگے
سورس: Pixabay.com (creative commons license)

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے صوبہ سندھ کے کچھ حصے بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں اور ملحق بھارتی ریاستوں میں بھی اس ہیٹ ویو کے باعث زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ بھارتی ریاست گجرات میں ہیٹ ویو اس قدر شدید ہے کہ آسمان سے ہزاروں پرندے بے سدھ ہو کر زمین پر گر رہے ہیں۔ گجرات کے شہر احمد آباد میں اینیمل ریسکیورز نے ہزاروں پرندوں کو ریسکیو کیا ہے۔
ریسکیو ورکرز کا کہنا ہے کہ آسمان سے یہ پرندے گرمی سے بدحال ہو کر گرے اور ان میں سے بعض کی موت واقع ہو گئی۔ ان پرندوں میں پانی کی شدید کمی دیکھی گئی۔ماہرین کی طرف سے متنبہ کیا جا رہا ہے کہ احمد آباد سمیت ہیٹ ویو کی زد میں آئے دیگر علاقوں میں پانی کے ذخائر تیزی سے خشک ہو رہے ہیں، جس سے جنگلی حیات کو سنگین خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔ 
ویٹرنری ڈاکٹر منوج بھاوسر کا کہنا تھا کہ اس ہیٹ ویو کے ہنگام جنگلی حیات کو بچانے کے لیے حکومت کو خاطر خواہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ روز 40ڈگری سینٹی گریڈ پر ہی آسمان سے ہزاروں پرندے زمین پر آ گرے جن میں سے سینکڑوں موت کے منہ میں چلے گئے۔ آئندہ دو روز میں ہیٹ ویو میں مزید شدت آنے اور درجہ حرارت 44ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ “
واضح رہے کہ بھارت میں رواں سال مارچ کے مہینے میں بھی ریکارڈ گرمی پڑی اورملک کی 100سالہ تاریخ میں اس سال مارچ کا مہینہ گرم ترین رہا۔مارچ کے بعد سے اب تک بھارت میں ہیٹ سٹروک سے دو درجن سے زائد لوگ بھی موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔